کراچی: جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں معدے، آنتوں، لبلبے اور نظامِ انہضام کے دیگر پیچیدہ امراض خصوصاً کینسر کی بروقت تشخیص اور علاج کے لیے جدید ترین اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈ (EUS) سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس سے کراچی، سندھ کے دیگر شہروں اور بلوچستان سے آنے والے ہزاروں مستحق مریضوں کو نجی اسپتالوں میں لاکھوں روپے مالیت کے تشخیصی اور علاجی پروسیجرز مفت دستیاب ہوں گے۔
کروڑوں روپے مالیت کی جدید اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈ مشین معروف دوا ساز ادارے گیٹز فارما کی جانب سے جناح اسپتال کے شعبہ گیسٹروانٹرولوجی کو عطیہ کی گئی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق اس سہولت سے ان مریضوں کو خصوصی فائدہ پہنچے گا جو نجی اسپتالوں میں تین سے چار لاکھ روپے تک لاگت والے پروسیجرز کے اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
ماہرینِ طب کے مطابق اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈ ایک جدید تشخیصی ٹیکنالوجی ہے جو اینڈوسکوپی اور الٹراساؤنڈ کو یکجا کرکے نظامِ انہضام اور اس سے ملحقہ اعضا کی انتہائی واضح تصاویر فراہم کرتی ہے۔ اس کے ذریعے لبلبے، جگر، صفراوی نالیوں، لمف نوڈز اور دیگر اعضا میں موجود رسولیوں، سوزش اور کینسر کی مؤثر تشخیص کے ساتھ متاثرہ حصوں سے بایوپسی کے لیے ٹشو کے نمونے بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
جے پی ایم سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد شیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں معدے اور لبلبے کے کینسر کے بہت سے مریض اس وقت اسپتال پہنچتے ہیں جب بیماری کافی حد تک پھیل چکی ہوتی ہے۔ ان کے مطابق بروقت اور درست تشخیص نہ صرف مؤثر علاج کے امکانات بڑھاتی ہے بلکہ مریضوں کی جان بچانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے گیٹز فارما اور اس کے ایگزیکٹو چیئرمین خالد محمود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس جدید سہولت سے پیچیدہ امراض کی تشخیص میں تاخیر کم ہوگی اور مستحق مریضوں کو مہنگے نجی اسپتالوں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔
شعبہ گیسٹروانٹرولوجی کی سربراہ اور ورلڈ گیسٹروانٹرولوجی آرگنائزیشن کی اینڈوسکوپی کمیٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر نازش بٹ نے کہا کہ اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈ کی دستیابی جناح اسپتال میں نظامِ انہضام کے امراض کی تشخیص اور علاج کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بعض اوقات روایتی تشخیصی ٹیسٹ مرض کی مکمل نوعیت واضح نہیں کر پاتے، تاہم اس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے متاثرہ حصے کا تفصیلی معائنہ اور انتہائی درستگی کے ساتھ بایوپسی ممکن ہو جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سہولت خصوصاً لبلبے کی رسولیوں، معدے اور آنتوں کے کینسر، مشتبہ لمف نوڈز اور نظامِ انہضام کے دیگر پیچیدہ امراض کی تشخیص میں انتہائی مفید ثابت ہوگی۔ ان کے مطابق کراچی کے علاوہ سندھ کے دور دراز علاقوں اور بلوچستان سے بڑی تعداد میں ایسے مریض جناح اسپتال آتے ہیں جو مہنگے ٹیسٹ اور علاج کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے، لہٰذا اس سہولت سے انہیں سرکاری شعبے میں معیاری طبی خدمات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر گیٹز فارما کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ذیشان احمد نے کہا کہ کمپنی صحت کی معیاری سہولتوں تک عوام کی رسائی بہتر بنانے کو اپنی سماجی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال کے ماہرین کی جانب سے غریب مریضوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیے جانے کے بعد کمپنی نے جدید اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈ مشین فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق مریض اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
تقریب میں معروف ماہر امراضِ معدہ و جگر پروفیسر لبنیٰ کمانی، پروفیسر امان اللہ عباسی، شعبہ ریڈیالوجی کی سربراہ پروفیسر شائستہ شوکت اور گیٹز فارما کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔