کراچی: حکومتِ سندھ نے سینئر نیورولوجسٹ اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر خالد شیر کی خدمات کو فوری طور پر ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کرتے ہوئے انہیں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کردیا ہے۔
محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، ڈاکٹر خالد شیر کی پوسٹنگ تین سال کی مدت کے لیے ڈیپیوٹیشن بنیاد پر کی گئی ہے۔ یہ فیصلہ یکم دسمبر 2025ء سے فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
نوٹیفکیشن پر چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کے دستخط موجود ہیں جبکہ کاپی متعلقہ محکموں، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی، فنانس ڈیپارٹمنٹ، اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ اور دیگر حکام کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ اقدام جناح اسپتال میں انتظامی بہتری اور صحت کے شعبے میں اصلاحات کے تسلسل کے طور پر اٹھایا گیا ہے۔
