کراچی: سندھ میں ڈینگی وائرس کے وار جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حیدرآباد میں 7 سالہ بچی ڈینگی کے باعث انتقال کرگئی، جس کے بعد رواں برس اس موذی وائرس سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 39 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق اکتوبر میں 13 جبکہ نومبر میں 25 اموات رپورٹ ہوئیں، جبکہ دسمبر کے آغاز میں اب تک ایک ہلاکت ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے اعدادوشمار کے مطابق رواں برس ڈینگی وائرس کے نتیجے میں حیدرآباد میں 20، کراچی میں 17، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو الہیار میں ایک ایک اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں ڈینگی کے 173 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ سرکاری اور نجی لیبارٹریز میں مجموعی طور پر 1,984 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سب سے زیادہ 117 مثبت کیسز کراچی میں سامنے آئے، جبکہ حیدرآباد میں 56 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سرکاری اسپتالوں میں 21 جبکہ نجی اسپتالوں میں 25 مریضوں کو داخل کیا گیا، جس کے بعد صوبے میں زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کر 48 ہو گئی ہے۔ کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں 15 اور حیدرآباد میں 2 مریض داخل ہوئے، جبکہ دوسری جانب سرکاری اسپتالوں سے 25 اور نجی اسپتالوں سے 20 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو روانہ ہوئے۔
ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتے ہوئے کیسز کی بنیادی وجہ موسم میں تبدیلی، صفائی کی ناقص صورتحال اور گھروں کے اطراف کھڑا پانی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر ضرور اپنائیں۔
