جناح اسپتال میں فائر فائٹنگ کمیٹی قائم؛ پمز واقعے کے بعد انتظامیہ کا اہم قدم

کراچی: اسلام آباد کے پمز اسپتال کے آئی سی یو میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد کراچی کے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کی انتظامیہ بھی متحرک ہوگئی۔ اسپتال میں فائر سیفٹی کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے 9 رکنی فائر فائٹنگ کمیٹی تشکیل دے دی، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

27 اگست کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی 26 اگست کو پمز اسپتال میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کی روشنی میں تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی کی سربراہی اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیف علی سومرو کریں گے۔

کمیٹی کے دیگر ارکان میں اسسٹنٹ اکبر علی، ورکشاپ انچارج ساجد، سیکیورٹی انچارجز نوید شاہ، شہزاد بلوچ اور اکرام، نائب قاصد نجم الحسن اور چوکیدار عمران قریشی شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فائر فائٹنگ کمیٹی جناح اسپتال کے تمام وارڈز، شعبہ جات اور دیگر متعلقہ حصوں میں فائر سیفٹی انتظامات کی نگرانی کرے گی۔ کمیٹی فائر فائٹنگ آلات کی دستیابی، فعالیت اور ضرورت کے مطابق ان کے استعمال کو بھی یقینی بنائے گی۔

کمیٹی کی ذمہ داریوں میں تمام وارڈز میں فائر سیفٹی آلات کی فعالیت کی جانچ، ہنگامی صورتحال میں متعلقہ محکموں سے فوری رابطہ اور آتشزدگی کی صورت میں وارڈز کو امداد و معاونت فراہم کرنا شامل ہے۔

اس کے علاوہ کمیٹی اسپتال میں آگ لگنے کے ممکنہ خطرات کی نشاندہی کرکے ان میں کمی کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات تجویز کرے گی اور فائر سیفٹی انتظامات میں بہتری کے لیے اسپتال انتظامیہ کو باقاعدگی سے سفارشات بھی پیش کرے گی۔

انتظامیہ کے مطابق کمیٹی کا مقصد کسی بھی ممکنہ آتشزدگی کی صورت میں فوری ردعمل، جانی و مالی نقصان سے بچاؤ اور اسپتال میں فائر سیفٹی کے مجموعی انتظامات کو مؤثر بنانا ہے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں