سیکرٹری صحت نے پمز کے ٹینٹ آفس سے کام شروع کردیا، انتظامی مسائل حل کرنے کا عزم

اسلام آباد: وفاقی سیکرٹری صحت کیپٹن (ر) محمد محمود نے جمعرات کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے لان میں قائم عارضی ٹینٹ آفس سے کام شروع کردیا، جہاں وہ روزانہ موجود رہ کر اسپتال کے انتظامی مسائل، مریضوں کی شکایات اور طبی سہولیات کی بہتری کے معاملات کی براہ راست نگرانی کریں گے۔

پمز میں اپنے عارضی ٹینٹ آفس میں صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری صحت نے کہا کہ اسپتال کے انتظامی مسائل کو درست کرنا اور مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ان کی پہلی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ روزانہ وزارت صحت میں ضروری سرکاری امور نمٹانے کے بعد پمز کے ٹینٹ آفس میں بیٹھیں گے، جہاں اسپتال انتظامیہ، مریضوں اور عام شہریوں کی شکایات اور مسائل سن کر ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا کہ پمز کی گورننس بہتر بنانے اور انتظامی نظام میں ضروری اصلاحات لانے پر توجہ دی جائے گی جبکہ اسپتال کے انفراسٹرکچر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کی بھی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پمز کے مسائل کے حل، انتظامی نگرانی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔

پمز میں حالیہ آتشزدگی کے واقعے سے متعلق سیکرٹری صحت نے کہا کہ ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی واقعے کی تحقیقات کررہی ہے اور توقع ہے کہ کمیٹی جلد آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرکے اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

انہوں نے آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والے نومولود بچوں کے والدین سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن سے مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔

سیکرٹری صحت نے کہا کہ پمز میں بیٹھنے کا مقصد اسپتال کے مسائل کو موقع پر سمجھنا، انتظامیہ کو فعال بنانا اور مریضوں کو درپیش مشکلات کے فوری حل کے لیے اقدامات کرنا ہے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں