کراچی: کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی (کے ایم یو) کے زیرِ اہتمام “لیگیسی اینڈ ایکسی لینس ریکگنیشن تقریب” منعقد ہوئی، جس کا مقصد کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (کے ایم ڈی سی) کی علمی خدمات، اس کے بانیوں، اساتذہ اور نمایاں شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔
تقریب یونیورسٹی آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جس میں کمشنر کراچی حسن نقوی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈائریکٹر جنرل سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نعمان احسن بھی تقریب میں موجود تھے۔ اس موقع پر سینئر ماہرینِ تعلیم، ریٹائرڈ اساتذہ، المنائی، طبی شعبے سے وابستہ شخصیات اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں مہمانِ خصوصی کمشنر کراچی حسن نقوی نے کہا کہ کے ایم ڈی سی اور کے ایم یو کے فارغ التحصیل طلبہ دنیا کے معتبر اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جو مضبوط تعلیمی بنیادوں کا ثبوت ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید وسیم قاضی نے کہا کہ کے ایم یو کا سفر وژن، جدوجہد اور ادارہ جاتی استقامت کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود جدید طرزِ تعلیم، شفاف امتحانی نظام اور عالمی معیار سے ہم آہنگ تعلیمی ڈھانچہ قائم کیا گیا، جس میں این ای ڈی یونیورسٹی کے اشتراک سے کمپیوٹر بیسڈ امتحانی نظام ایک اہم سنگِ میل ہے۔
پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر رفعت فاروق نے کہا کہ کے ایم یو معیاری تعلیم، جدت اور ہر طبقے کے طلبہ کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہے اور کے ایم ڈی سی کی علمی روایات کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔
