پاکستان میں 18 ملین بچے اور نوعمر موٹاپے کا شکار، کیا ہم بیمار قوم بننے جا رہے ہیں؟۔

کراچی: ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں 18 ملین بچے اور نوعمر موٹاپے کا شکار ہیں، جن میں سے بعض میں ابھی سے پری ڈائیبیٹس اور انسولین ریزسٹنس کی علامات دیکھی جا رہی ہیں اور یہ بچے اور نوعمر مستقبل میں زیابطیس سمیت جان لیوا بیماریوں کا شکار ہوڈکتے ہیں۔

قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (NICVD) میں عالمی یومِ ذیابیطس کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین نے کہا کہ پاکستان میں غیر صحت بخش خوراک، میٹھے مشروبات، جسمانی سرگرمیوں کی کمی اور طرزِ زندگی میں تبدیلیاں ذیابیطس اور موٹاپے کے پھیلاؤ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

آغاخان اسپتال سے منسلک ماہر امراض ذیابطیس اور اینڈوکرائنولوجسٹ ڈاکٹر اسماء احمد نے کہا کہ ذیابیطس کے بیشتر کیسز کا تعلق موٹاپے سے ہے لیکن بدقسمتی سے دونوں مسائل کا علاج اکثر الگ الگ کیا جاتا ہے، جبکہ Diabesity کے تصور کے تحت موٹاپے اور ذیابیطس دونوں کو ایک ساتھ مینیج کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 18 ملین بچے اور نوعمر موٹاپے کا شکار ہیں اور ایسے بچے بھی سامنے آ رہے ہیں جن میں پری ڈائیبیٹس اور انسولین ریزسٹنس پائی جا رہی ہے۔ ذیابیطس دراصل بیماریوں کے ایک بڑے سلسلے کا صرف ایک حصہ ہے، کیونکہ موٹاپے کے نتیجے میں کئی دیگر بیماریاں بھی جنم لے سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض افراد اپنی خوراک کم سمجھتے ہیں لیکن روزانہ دس کپ میٹھی چائے پینے کی عادت کے باعث وہ صرف چائے کے ذریعے دس چمچ چینی یومیہ استعمال کر رہے ہوتے ہیں۔ ہمارے معاشرتی رویے بھی موٹاپے کو بڑھا رہے ہیں، کیونکہ موٹے بچے کو اکثر صحت مند سمجھا جاتا ہے اور خاندانوں میں تفریح کا ایک بڑا ذریعہ باہر جا کر کھانا کھانا بن چکا ہے۔

ڈاکٹر عبدالباسط نے کہا کہ تقریباً بیس سال قبل ہونے والی ایک تحقیق میں یہ کہا گیا تھا کہ ذیابیطس کے مریض روزہ نہیں رکھ سکتے، تاہم ہم نے 18 سال قبل رمضان اسٹڈی گروپ قائم کرکے اس حوالے سے تحقیق شروع کی۔ انہوں نے بتایا کہ تحقیق اور شواہد کی بنیاد پر ذیابیطس کے مریضوں کے لیے رمضان میں روزے رکھنے سے متعلق رہنمائی فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ میٹھے مشروبات کے استعمال میں کمی کے لیے حکومت کو بیوریجز پر ٹیکس بڑھانے پر آمادہ کرنے میں تین سال لگے۔ پاکستان میں ایک سال کے دوران تقریباً 55 ارب بوتلیں استعمال ہوتی ہیں۔ ڈاکٹر عبدالباسط کے مطابق نیشنل ڈائیبیٹیز نیٹ ورک بھی ان کا شروع کردہ منصوبہ ہے جبکہ وزیرِاعظم پروگرام بھی جلد شروع ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سال کے دوران علماء کرام کو بھی تربیت دی گئی تاکہ وہ اپنے علاقوں میں ذیابیطس سے متعلق آگہی پھیلا سکیں۔
انٹرنیشنل ڈائیبیٹیز فیڈریشن کی نائب صدر ارم غفور نے کہا کہ فیڈریشن کا قیام 1950 میں عمل میں آیا تھا، اس وقت اس کے ساتھ صرف 16 ایسوسی ایشنز تھیں، جبکہ اب 164 ممالک کی 264 ایسوسی ایشنز اس کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ ذیابیطس پہلی مرتبہ 1991 میں منایا گیا، جس کا مقصد اس بیماری سے متعلق آگہی پیدا کرنا تھا، بعد ازاں اقوام متحدہ نے بھی اس حوالے سے قرارداد منظور کی۔ ذیابیطس سے متعلق سرگرمیاں صرف ایک دن تک محدود نہیں رہنی چاہئیں بلکہ پورا سال آگہی اور احتیاطی تدابیر پر کام کرنا ضروری ہے۔

ارم غفور نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 9 ملین افراد ایسے ہیں جنہیں معلوم ہی نہیں کہ وہ ذیابیطس کا شکار ہیں، جبکہ 35 ملین افراد اس بیماری کے خطرے سے دوچار ہیں۔ ان کے مطابق صرف ذیابیطس کی تشخیص کافی نہیں بلکہ اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کو روکنا بھی انتہائی ضروری ہے۔ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے اپنی صحت کا خیال رکھنا اور روزمرہ زندگی میں ہونے والی تبدیلیوں کو سمجھنا اہم ہے۔ مریضوں کو محض ہدایات دینے کے بجائے انہیں اپنی صحت کی ذمہ داری اٹھانے کے قابل بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ شوگر چیک کرنے والی ٹیسٹ اسٹرپس مہنگی ہیں، اس لیے مریضوں کو باقاعدہ اور منظم انداز میں شوگر کی نگرانی کرنا سکھانا چاہیے، جبکہ استطاعت رکھنے والے مریض مسلسل شوگر مانیٹرنگ سسٹم (CGM) استعمال کر سکتے ہیں۔ رات دیر سے سونا اور دیر رات کھانا بھی ذیابیطس کے انتظام کو متاثر کر سکتا ہے۔ انہوں نے ذیابیطس کے مریضوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے چہرے سے زیادہ اپنے پیروں کا خیال رکھیں اور روزانہ پاؤں کا معائنہ کریں تاکہ کسی زخم یا انفیکشن کی بروقت نشاندہی ہو سکے۔

ڈائریکٹر سیاگ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا کہ بچوں میں موٹاپے پر قابو پانے کے لیے صرف بچوں کو نہیں بلکہ والدین کو بھی اپنی عادات تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ والدین خود بچوں کو باہر سے کھانا منگوانے کے لیے پیسے دیتے ہیں، جس سے ان کی غیر صحت بخش خوراک کی عادتیں مضبوط ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بچوں کے ہاتھوں میں موبائل فون ہوں گے، ان کی جسمانی سرگرمیاں متاثر ہوتی رہیں گی۔ دنیا میں اب زیادہ کھانے اور غیر صحت بخش خوراک کے باعث بیماریوں اور اموات کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ مرغن کھانوں اور ضرورت سے زیادہ خوراک کا استعمال کئی بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔

این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر صغیر نے کہا کہ وزن میں کمی سے نہ صرف ذیابیطس بلکہ متعدد دیگر بیماریوں سے بھی بچاؤ ممکن ہے۔ موٹاپے پر قابو پانے کے لیے متوازن غذا اور جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانا ضروری ہے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں