سندھ میں ڈینگی کے وار جاری، کراچی اور حیدرآباد میں مزید دو افراد انتقال کرگئے

کراچی: سندھ میں ڈینگی کی وباء تھم نہیں سکی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید دو افراد انتقال کر گئے جن میں کراچی وسطی کی 44 سالہ خاتون اور حیدرآباد کا 13 سالہ لڑکا شامل ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق رواں برس ڈینگی سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 31 ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 4 ہزار 611 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 829 کیسز مثبت آئے۔
کراچی ڈویژن میں 3 ہزار 94 ٹیسٹوں میں سے 419 کیسز مثبت آئے جبکہ حیدرآباد ڈویژن میں 1 ہزار 517 ٹیسٹوں میں 410 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں سرکاری اسپتالوں میں 101 اور نجی اسپتالوں میں 82 نئے مریض داخل ہوئے، جبکہ 123 مریض سرکاری اسپتالوں سے اور 93 مریض نجی اسپتالوں سے صحتیاب ہوکر گھر واپس گئے۔

سیکریٹری صحت سندھ ریحان بلوچ کے مطابق رواں ماہ صوبے بھر میں 8 ہزار 891 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ رواں سال کے دوران ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 14 ہزار 468 تک جا پہنچی ہے۔

اس وقت سرکاری اسپتالوں میں 245 اور نجی اسپتالوں میں 173 مریض زیرِ علاج ہیں۔
ڈینگی کے مریضوں کے لیے سرکاری اسپتالوں میں 1 ہزار 25 بیڈز اور نجی اسپتالوں میں 480 بیڈز مختص کیے گئے ہیں۔

اس وقت صوبے بھر میں 55 لیبارٹریوں سے ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے۔
کراچی میں 36 لیبارٹریز (13 سرکاری، 23 نجی) اور حیدرآباد میں 19 لیبارٹریز (8 سرکاری، 11 نجی) ڈینگی ٹیسٹنگ میں مصروف ہیں۔

ماہرینِ صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گھروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، مچھر مار اسپرے کا استعمال کریں اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے