کراچی اور حیدرآباد میں ڈینگی سے مزید دو خواتین کا انتقال، اموات کی مجموعی تعداد 29 ہوگئی

کراچی: سندھ میں ڈینگی وائرس سے دو مزید خواتین جاں بحق ہوگئیں۔ مرنے والی خواتین کا تعلق کراچی کے لیاقت آباد اور حیدرآباد سے ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق رواں سال سندھ بھر میں ڈینگی سے اموات کی مجموعی تعداد 29 تک جا پہنچی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں ڈینگی کے 5 ہزار 412 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 976 کیسز مثبت آئے۔
کراچی میں 3 ہزار 951 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں 528 کیسز کی تصدیق ہوئی، حیدرآباد ڈویژن میں 1 ہزار 461 ٹیسٹوں میں 448 کیسز مثبت پائے گئے۔

سیکریٹری صحت ریحان بلوچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سرکاری اسپتالوں میں 127 اور نجی اسپتالوں میں 84 نئے مریض داخل ہوئے۔ اسی دوران 96 مریض سرکاری جبکہ 79 مریض نجی اسپتالوں سے صحتیاب ہوکر گھر چلے گئے۔

رپورٹ کے مطابق رواں ماہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 ہزار 331 جبکہ رواں سال اب تک 13 ہزار 908 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
اس وقت صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں 269 اور نجی اسپتالوں میں 184 مریض زیر علاج ہیں۔

ڈینگی مریضوں کے لیے سرکاری اسپتالوں میں کراچی میں 293، حیدرآباد میں 167 اور اندرون سندھ میں 556 بیڈز مختص کیے گئے ہیں، جبکہ نجی اسپتالوں میں مجموعی طور پر 482 بیڈز ڈینگی مریضوں کے لیے مختص ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے