کراچی: انڈس ہسپتال کے ڈائیبیٹیز اینڈ اینڈوکرائنولوجی سینٹر کو انٹرنیشنل ڈائیبیٹیز فیڈریشن کی جانب سے سینٹر آف ایکسیلنس کا عالمی اعزاز دے دیا گیا، پاکستان میں یہ اعزاز حاصل کرنے والا واحد مرکز بن گیا۔
انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے تحت کام کرنے والے انڈس ڈائیبیٹیز اینڈ اینڈوکرائنولوجی سینٹر (IDEC) کو ذیابیطس کے معیاری علاج، جدید طبی سہولیات اور بیماری سے بچاؤ کے لیے خدمات کے اعتراف میں یہ بین الاقوامی شناخت دی گئی ہے۔
اس کامیابی کے حوالے سے انڈس ہسپتال کراچی میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں بنگلہ دیش کے معروف طبی ماہر اور نیشنل پروفیسر ڈاکٹر ابوالکلام آزاد خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالباری خان، انڈس یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ڈین ڈاکٹر سید ظفر زیدی، چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جنید پٹیل، ڈائریکٹر انڈس ڈائیبیٹیز اینڈ اینڈوکرائنولوجی سینٹر ڈاکٹر عبدالباسط سمیت دیگر سینئر عہدیداران اور طبی ماہرین شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طبی ماہرین نے کہا کہ پاکستان میں ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے نمٹنے کے لیے صرف اسپتالوں میں علاج کی سہولیات کافی نہیں، بلکہ بیماری سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور عوامی آگاہی کے لیے کمیونٹی کی سطح پر اقدامات کرنا بھی ناگزیر ہے۔ اس مقصد کے لیے مساجد، مذہبی رہنماؤں اور سماجی اداروں کو بھی ذیابیطس سے بچاؤ کی مہم میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔
مہمان خصوصی ڈاکٹر ابوالکلام آزاد خان نے بنگلہ دیش میں مذہبی رہنماؤں کے ذریعے ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے شروع کیے گئے پروگرام کے نتائج سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش میں مساجد اور دیگر مذہبی اداروں کو عوامی آگاہی کے مراکز کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، جہاں مذہبی رہنماؤں کے ذریعے متوازن غذا، جسمانی سرگرمی اور صحت مند طرز زندگی کی اہمیت اجاگر کی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کو ’’ڈائیبیٹیز پریوینشن تھرو ریلیجس لیڈرز‘‘ (DPRL) کا نام دیا گیا ہے، جس کے تحت مذہبی رہنما لوگوں کو ذیابیطس سے بچاؤ کے طریقوں سے آگاہ کرنے کے ساتھ ضرورت پڑنے پر طبی معائنے، اسکریننگ اور علاج کے لیے متعلقہ مراکز سے رجوع کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
اس پروگرام کے نتائج کے حوالے سے بتایا گیا کہ 2025 میں طبی تحقیقی جریدے ’’جاما نیٹ ورک اوپن‘‘ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق کمیونٹی کی سطح پر اس مداخلت کے نتیجے میں ذیابیطس کے نئے کیسز میں 43 فیصد نسبتی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کامیابی کے پیش نظر اس ماڈل کو دیگر ممالک، بالخصوص اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک میں بھی متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
تقریب میں پاکستان کے ’’رسک اسیسمنٹ آف پاکستانی انڈیویژولز فار ڈائیبیٹیز‘‘ (RAPID) پروگرام پر بھی روشنی ڈالی گئی، جس کا مقصد ایسے افراد کی بروقت نشاندہی کرنا ہے جن میں ذیابیطس لاحق ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ اس اسیسمنٹ میں تین بنیادی عوامل، عمر، کمر کا گھیر اور خاندان میں ذیابیطس کی تاریخ کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ اسکور چار یا اس سے زیادہ ہونے کی صورت میں فرد کو زیادہ خطرے سے دوچار تصور کرتے ہوئے مزید طبی معائنے اور ڈاکٹر سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
ماہرین صحت نے کہا کہ ذیابیطس کی بروقت تشخیص سے اس مرض کی سنگین پیچیدگیوں سے بچنے اور علاج کے نتائج بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ عوام کو باقاعدگی سے طبی معائنہ کرانے، وزن قابو میں رکھنے، متوازن غذا استعمال کرنے اور روزانہ جسمانی سرگرمی کو معمول بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
ڈائریکٹر انڈس ڈائیبیٹیز اینڈ اینڈوکرائنولوجی سینٹر ڈاکٹر عبدالباسط نے کہا کہ ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے نمٹنے کے لیے بروقت تشخیص، عوامی آگاہی اور معیاری طبی سہولیات تک رسائی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کی کوشش ہے کہ مریضوں کو معیاری علاج فراہم کرنے کے ساتھ عوام کو بیماری سے بچاؤ اور صحت مند طرز زندگی کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ انڈس ڈائیبیٹیز اینڈ اینڈوکرائنولوجی سینٹر کو انٹرنیشنل ڈائیبیٹیز فیڈریشن کی جانب سے سینٹر آف ایکسیلنس کا اعزاز ملنا ادارے کی مسلسل کوششوں، معیاری طبی خدمات اور ذیابیطس کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات کا اعتراف ہے۔
ڈاکٹر ابوالکلام آزاد خان ڈائیبیٹک ایسوسی ایشن آف بنگلہ دیش کے صدر ہیں۔ طبی اور علمی خدمات کے اعتراف میں حکومت بنگلہ دیش نے انہیں 2021 میں نیشنل پروفیسر کا اعزاز دیا تھا۔ انہیں انٹرنیشنل ڈائیبیٹیز فیڈریشن گلوبل ایوارڈ سمیت متعدد قومی اور بین الاقوامی اعزازات بھی مل چکے ہیں۔
تقریب میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے طبی ماہرین نے ذیابیطس کی روک تھام، جدید علاج اور کمیونٹی کی سطح پر آگاہی کے مؤثر طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ماہرین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ذیابیطس کے خلاف مؤثر حکمت عملی کے لیے اسپتالوں میں معیاری علاج کے ساتھ عوامی آگاہی، ابتدائی تشخیص اور کمیونٹی کی شمولیت کو بھی ترجیح دینا ہوگی۔