سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس، مصنوعی دودھ کے اشتہارات پر پابندی کی سفارش، وفاقی وزیر صحت اور سینیٹرز کا اتفاق

کراچی: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے ارکان نے ٹی وی چینلز پر بچوں کے مصنوعی دودھ (انفنٹ فارمولا) اور دیگر بچوں کی غذائی مصنوعات کے اشتہارات پر پابندی کی بھرپور سفارش کردی۔ اجلاس میں ماں کے دودھ کی اہمیت، بچوں کی غذائی ضروریات اور مصنوعی دودھ کی تشہیر کے صحت پر اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس سینیٹر عامر ولید چشتی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن (پی پی اے) کے نمائندوں پروفیسر ڈاکٹر جمال رضا اور ڈاکٹر خالد شفیع نے خصوصی دعوت پر ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اس موقع پر پروفیسر جمال رضا نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ممالیہ جانوروں کی تقریباً آٹھ ہزار اقسام پائی جاتی ہیں لیکن آج صرف انسانی ماں کے دودھ کے حوالے سے یہ تاثر پیدا کیا جا رہا ہے کہ وہ بچے کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے۔ یہ تاثر میڈیا اور اشتہارات کے ذریعے قائم کیا گیا ہے، حالانکہ ماں کا دودھ بچے کے لیے قدرتی اور بنیادی غذا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بریسٹ فیڈنگ نہ کرنے والے بچوں میں مختلف بیماریوں کے باعث اموات کی شرح، ماں کا دودھ پینے والے بچوں کے مقابلے میں تقریباً 15 گنا زیادہ بتائی گئی ہے۔ ان بیماریوں میں نمونیا اور اسہال بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایسے بچوں میں غذائی قلت (میل نیوٹریشن) کا خطرہ بھی زیادہ ہوتا ہے۔

پروفیسر جمال رضا کے مطابق پاکستان میں ہر سال تقریباً 33 ہزار 700 بچوں کی اموات بریسٹ فیڈنگ نہ ہونے کی وجہ سے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں کی صحت کے تحفظ اور ماں کے دودھ کے فروغ کے لیے مصنوعی دودھ کی تشہیر کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔

انہوں نے سفارش کی کہ سب سے پہلے پیمرا کے ذریعے ٹی وی چینلز پر مصنوعی دودھ کے اشتہارات کو کنٹرول کیا جائے۔ پابندی کا دائرہ صرف دودھ کے ڈبوں تک محدود نہ ہو بلکہ بچوں کی دیگر غذائی مصنوعات کے اشتہارات اور ایسی تشہیری مہمات کو بھی شامل کیا جائے جو ماؤں کو قدرتی طور پر بریسٹ فیڈنگ کے بجائے متبادل غذاؤں کی طرف راغب کرتی ہیں۔

بریفنگ میں سندھ حکومت کی جانب سے 2023 میں کی جانے والی قانون سازی کا بھی حوالہ دیا گیا، جس کے تحت متعلقہ ضابطے میں بچوں کی عمر کی حد بڑھا کر 36 ماہ کردی گئی ہے۔

پروفیسر جمال رضا نے مزید کہا کہ مصنوعی دودھ اور بچوں کی مخصوص غذائی مصنوعات کے معیار، قیمتوں اور استعمال کے ضابطوں کو یقینی بنانے کے لیے ڈریپ کا کردار اہم ہے۔ ان مصنوعات کو ڈریپ کے ریگولیٹری دائرہ کار میں ہونا چاہیے تاکہ ان کے معیار کی نگرانی اور قیمتوں کو بھی منظم کیا جاسکے۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور سینیٹرز نے مصنوعی دودھ کے اشتہارات پر پابندی کی حمایت کی۔ اس موقع پر پیمرا اور ڈریپ کے نمائندوں کو پابندی کے نفاذ کے حوالے سے درپیش انتظامی اور ضابطہ جاتی معاملات کا بھی سامنا رہا۔ تاہم سینیٹرز نے واضح کیا کہ بچوں کے مصنوعی دودھ سے متعلق مصنوعات پہلے ہی ڈریپ کے دائرہ اختیار میں ہیں اور انہیں اسی کے تحت ریگولیٹ کیا جانا چاہیے۔

پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے سابق صدر ڈاکٹر خالد شفیع نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں کی صحت کے تحفظ، غذائی قلت کی روک تھام اور ماں کے دودھ کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ ایسوسی ایشن کے مطابق بچوں کی صحت مند نشوونما اور بہتر مستقبل کے لیے بریسٹ فیڈنگ کی حوصلہ افزائی اور غیر ضروری تجارتی تشہیر کی روک تھام ناگزیر ہے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں