کراچی :اوجھا انسٹی ٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیزز، ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی کو عالمی ادارۂ صحت (WHO) نے باضابطہ طور پر سینے اور پھیپھڑوں کے امراض کے لیے اپنا اشتراکی مرکز (WHO Collaborating Centre) نامزد کردیا ہے
عالمی ادارۂ صحت کے تحت کام کرتے ہوئے یہ مرکز ایک متفقہ تکنیکی لائحہ عمل پر عمل درآمد کرے گا، جس کی بنیادی توجہ تپِ دق (ٹی بی) سے متعلق تحقیق، بالخصوص مصنوعی ذہانت (AI) کی معاونت سے تشخیصی سہولیات کی ترقی پر مرکوز ہوگی۔
ڍ اس کے علاوہ خصوصی طبی تربیت اور علاقائی سطح پر طبی استعداد کار بڑھانے کے اقدامات بھی اس منصوبے کا حصہ ہوں گے,اس متفقہ لائحہ عمل کے تحت اوجھا انسٹی ٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیزز تشخیصی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے، سائنسی جدت کو فروغ دینے اور تپِ دق سمیت پھیپھڑوں کے دیگر امراض کے خلاف مؤثر اقدامات میں معاونت فراہم کرے گا۔
اوجھا انسٹی ٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیزز کا قیام 1939ء میں تپِ دق کے مریضوں کے لیے ایک سینیٹوریم کے طور پر عمل میں آیا تھا، جبکہ 2003ء میں اسے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ضم کردیا گیا۔ اس کے بعد سے یہ ادارہ پاکستان کے ممتاز طبی و تعلیمی اداروں میں شمار ہونے لگا ہے۔
ادارے میں 270 بستروں پر مشتمل خصوصی طبی سہولت، اس سے منسلک چیسٹ کلینکس، صوبائی ریفرنس لیبارٹری، جدید ترین منفی دباؤ (Negative Pressure) پر مشتمل پلمونری ٹی بی انتہائی نگہداشت یونٹ (ICU) اور سینے کے امراض میں منظور شدہ پوسٹ گریجویٹ تربیتی پروگرامز جاری ہیں۔ یہ ادارہ سندھ سمیت ملک کے دیگر صوبوں سے آنے والے ہزاروں مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کررہا ہے
۔عالمی ادارۂ صحت کی نامزدگی نہ صرف ڈاؤ یونیورسٹی بلکہ پاکستان کے طبی اور تحقیقی شعبے کے لیے بھی ایک اہم اعزاز ہے، جس سے بین الاقوامی سطح پر علمی تعاون، جدید طبی تحقیق اور امراضِ سینہ کے خلاف علاقائی کوششوں میں پاکستان کا کردار مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔