کراچی: وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے نتیجے میں سندھ کے شعبہ صحت میں نمایاں تبدیلی آرہی ہے، حکومت اور نجی ادارے مل کر عوام کو بہتر طبی خدمات اور جدید علاج کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کراچی میں جدید آڈیٹوریم اور ڈیجیٹل لائبریری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں سیکریٹری طاہر سانگی، ایس آئی سی ایچ این کے سربراہ ڈاکٹر جمال رضا، ڈاکٹر اکبر سیال، جناح اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر خالد شیر، فارمیوو کے ایم ڈی ہارون قاسم، فارم ایوو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید جمشید احمد، ڈاکٹر طارق محمود، فیصل اہدھی سمیت طبی ماہرین اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر سیکریٹری صحت سندھ طاہر سانگی، پروفیسر طاہر صغیر، ہارون قاسم اور مشتاق چھاپڑا نے منصوبے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
وزیر صحت سندھ نے کہا کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ابھی کئی میل کا سفر طے کرنا اور کئی پہاڑ سر کرنا باقی ہیں، سندھ کے عوام کی خدمت کرنا ہمارا مشن اور عزم ہے۔
این آئی سی وی ڈی میں مقامی دوا ساز کمپنی فارم ایوو کے تعاون سے جدید آڈیٹوریم اور ڈیجیٹل لائبریری تعمیر کی جائے گی، جس کا مقصد طبی تعلیم، تحقیق اور ڈاکٹرز کی پیشہ ورانہ تربیت کو فروغ دینا ہے۔
ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر یقین رکھتی ہے اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ صوبے میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے سرکاری اور نجی اداروں کے اشتراک کو فروغ دے رہے ہیں۔
انہوں نے پیشنٹس ایڈ فاؤنڈیشن اور فارم ایوو کے تعاون کو سراہتے ہوئے سرکاری طبی اداروں کو مضبوط بنانے اور طبی تعلیم کے فروغ میں نجی شعبے بالخصوص مقامی دوا ساز صنعت کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر صحت نے کہا کہ امراض قلب میں پوسٹ گریجویٹ تعلیم حاصل کرنے والے ڈاکٹرز کے لیے جدید لائبریری اور آڈیٹوریم کی ضرورت عرصے سے محسوس کی جا رہی تھی، نئی سہولیات سے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد این آئی سی وی ڈی کو عالمی معیار کا ایسا ادارہ بنانا ہے جس پر نہ صرف اس سے وابستہ افراد بلکہ پوری قوم فخر کرسکے۔
فارم ایوو کے منیجنگ ڈائریکٹر ہارون قاسم نے کہا کہ یہ منصوبہ محض ایک عمارت کی تعمیر نہیں بلکہ پاکستان میں صحت کے شعبے کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرہ صرف ادویات سے نہیں بلکہ باصلاحیت افراد اور مضبوط اداروں سے تشکیل پاتا ہے، پاکستانی ڈاکٹرز عالمی معیار کی صلاحیتیں رکھتے ہیں اور انہیں اپنے ملک میں ترقی کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
ہارون قاسم کا کہنا تھا کہ منصوبے کے تین بنیادی مقاصد ہیں جن میں طبی عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، نوجوان ڈاکٹرز کی تعلیم و تربیت اور این آئی سی وی ڈی کی ادارہ جاتی استعداد کو مضبوط بنانا شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل لائبریری نوجوان ڈاکٹرز کے لیے مطالعے، تحقیق اور نئے خیالات کے تبادلے کا مرکز ہوگی، فارم ایوو طبی تعلیم، تحقیق اور مریضوں کی بہتر نگہداشت کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر نے بتایا کہ ادارے میں ایک سال کے دوران 16 لاکھ مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کی گئیں جن میں ساڑھے چار لاکھ مریضوں کا او پی ڈی میں معائنہ اور علاج کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ سال 2025 میں 10 ہزار پرائمری انجیوپلاسٹیز، تین ہزار دل کے آپریشن، 1200 مستقل پیس میکر لگانے سمیت آئی سی ڈی اور سی آر ٹی کے 200 پروسیجرز کیے گئے۔
پروفیسر طاہر صغیر نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کا مرکزی ترقیاتی منصوبہ تیزی سے زیر تعمیر ہے جسے جون 2027 تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
پیشنٹس ایڈ فاؤنڈیشن کے چیئرمین مشتاق چھاپڑا نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے نتیجے میں گزشتہ چار سے پانچ برس کے دوران جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی اور قومی ادارہ برائے صحت اطفال میں طبی سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی میں تین بڑے ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے، اس ادارے میں سندھ ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان سے آنے والے مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ابراہیم قاسم کے خاندان کی فلاحی خدمات کو بھی سراہا۔
منصوبے کے آرکیٹیکٹ انجم عادل نے بتایا کہ ایک ہزار مربع گز کے پلاٹ پر تعمیر ہونے والے آڈیٹوریم میں 300 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، جہاں جدید آڈیو ویژول سسٹم، بڑی ایل ای ڈی اسکرین اور آن لائن کانفرنسز کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
عمارت میں ساڑھے تین ہزار مربع فٹ پر مشتمل لابی، جدید ڈیجیٹل اور روایتی لائبریری، کمپیوٹر ورک اسٹیشنز، مطالعے کے لیے مخصوص جگہ، 30 گاڑیوں کی پارکنگ، لفٹ اور خصوصی افراد کے لیے ریمپ بھی تعمیر کیے جائیں گے۔