کراچی: انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک میں 22 طبی شعبہ جات کے 134 ڈاکٹرز نے پوسٹ گریجویٹ تربیت مکمل کرلی، جنہیں کانووکیشن کے دوران اسناد اور نمایاں کارکردگی پر ایوارڈز دیے گئے۔
انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے زیرِ اہتمام پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن کانووکیشن ہفتے کی شام ہسپتال کی نئی عمارت کی پانچویں منزل پر منعقد ہوا۔ تقریب میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
سال 2024 اور 2025 کے گریجویٹنگ بیچز میں فیلوشپ پروگرام (FCPS) مکمل کرنے والے 130 جبکہ ممبرشپ پروگرام (MCPS) مکمل کرنے والے چار ڈاکٹرز شامل تھے۔ ان ڈاکٹرز نے انڈس ہسپتال میں کئی سالہ زیرِ نگرانی طبی تربیت حاصل کی، جہاں تمام مریضوں کو بلا معاوضہ علاج فراہم کیا جاتا ہے۔
تقریب کے دوران مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹرز کو بہترین گریجویٹ ایوارڈز بھی دیے گئے۔ سرجری اینڈ الائیڈ کے شعبے میں ڈاکٹر سعدیہ بلال، میڈیسن اینڈ الائیڈ میں ڈاکٹر ارسہ ندیم، ڈائیگناسٹک میں ڈاکٹر امیت کمار اور پیڈیاٹرک سروسز میں ڈاکٹر زینب کامران کو اعزاز سے نوازا گیا، جبکہ بہترین فیلوشپ ایوارڈ ڈاکٹر نیلم طاہرخیلی نے حاصل کیا۔
یہ کانووکیشن انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کی جانب سے منعقدہ طبی کانفرنس ICON 2026 کی نمایاں تقریبات میں شامل تھا۔ کانفرنس 8 سے 17 اکتوبر تک کراچی، لاہور اور مظفرگڑھ میں جاری ہے۔
انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک نے 2012 میں ICON کا آغاز کیا تھا۔ رواں سال کانفرنس کا مرکزی موضوع موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں مریضوں کی ضروریات کو ترجیح دینے والے اور پائیدار صحت کے نظام کی تشکیل ہے۔ اس سلسلے میں مستقبل کے طبی تقاضوں سے ہم آہنگ ماہرین کی تیاری اور انڈس یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا کردار بھی اہمیت رکھتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر گریجویٹس میں اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ فیکلٹی ممبران، پروگرام ڈائریکٹرز اور گریجویٹس کے اہلِ خانہ کی خدمات اور تعاون کو بھی سراہا گیا۔