کراچی : پاکستان میں خون میں چکنائی اور خراب کولیسٹرول کی زیادتی کے باعث دل کے امراض کا خطرہ بڑھ رہا ہے، جبکہ نوجوانوں میں بھی کم عمری میں دل کی بیماریوں کے کیسز سامنے آرہے ہیں۔ طبی ماہرین نے متوازن غذا، ورزش اور کولیسٹرول کی بروقت جانچ پر زور دیا ہے۔
لیپڈ سوسائٹی آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل اور ڈاؤ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد نواز لاشاری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ مرغن کھانوں اور فاسٹ فوڈ کا زیادہ استعمال خون میں چکنائی بڑھانے کا سبب بن سکتا ہے، جس سے دل کے دورے اور فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کولیسٹرول کی مختلف اقسام، بشمول اچھے کولیسٹرول (HDL)، خراب کولیسٹرول (LDL) اور ٹرائی گلیسرائیڈز کی جانچ کے لیے لیپڈ پروفائل ٹیسٹ اہم ہے۔ ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا کہ ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق یہ ٹیسٹ کرائیں، باقاعدگی سے ورزش کریں اور گھر میں تیار کردہ متوازن غذا کو ترجیح دیں۔
پریس کانفرنس میں طبی ماہرین نے بتایا کہ کولیسٹرول سے متعلق آگاہی کے لیے ایک ڈیجیٹل ایپ بھی تیار کی جارہی ہے، جو اردو، سندھی اور انگریزی زبانوں میں معلومات فراہم کرے گی۔