جناح اسپتال میں حاملہ مریضہ اور نومولود کی ہلاکت، تحقیقاتی کمیٹی قائم، اجلاس طلب


کراچی: جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں نو ماہ کی حاملہ مریضہ اور نومولود کی ہلاکت کے معاملے پر اسپتال انتظامیہ نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

جے پی ایم سی کی جانب سے جاری کردہ دستاویز کے مطابق انکوائری کا موضوع حاملہ مریضہ کے علاج کے دوران ملٹی ڈسپلنری مینجمنٹ میں مبینہ خامیوں سے متعلق ہے۔ مریضہ کو Fulminant Hepatic Failure یعنی جگر کی شدید اور تیزی سے بڑھنے والی ناکامی کا سامنا تھا۔

دستاویز کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی کا اجلاس 22 اگست 2026 کو صبح 11 بج کر 30 منٹ پر جے پی ایم سی کے ایڈمنسٹریشن بلاک کے کمیٹی روم میں ہوگا۔

کمیٹی کی سربراہی شعبہ میڈیسن کے پروفیسر عبدالراب کریں گے، جبکہ ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر یحییٰ خان ٹنیو رکن اور شعبہ گائنی اینڈ آبسٹیٹرکس کی ڈاکٹر شازیہ نصیب ممبر/سیکریٹری ہوں گی۔

جے پی ایم سی انتظامیہ نے گائنی اینڈ آبسٹیٹرکس، گیسٹروانٹرولوجی اور میڈیکل آئی سی یو سے وابستہ متعلقہ ڈاکٹروں کو بھی انکوائری کمیٹی کے سامنے مقررہ تاریخ اور وقت پر پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

اسپتال کی ایک سینیئر ڈاکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وائٹل نیوز کو بتایا کہ مریضہ کو طبیعت خراب ہونے کے بعد گائنی وارڈ سے گیسٹرو وارڈ منتقل کیا گیا تھا، جہاں حالت مزید بگڑنے پر اسے انتہائی نگہداشت کے یونٹ منتقل کرنے کی ضرورت پیش آئی۔ بعد ازاں مریضہ نے وارڈ میں بچے کو جنم دیا تاہم ماں اور نومولود دونوں جاں بحق ہوگئے۔

اس واقعے کے بعد اسپتال انتظامیہ نے علاج کے مختلف مراحل، متعلقہ شعبوں کے درمیان رابطے اور مریضہ کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

تحقیقاتی کمیٹی اپنی رپورٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر جے پی ایم سی کو پیش کرے گی، جس کے بعد غفلت یا کوتاہی ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں