کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کی موت کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے عدالت کے حکم پر کل قبر کشائی کی جائے گی۔ قبر کشائی جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں ہوگی، جبکہ سیکریٹری صحت کی جانب سے تشکیل دیا گیا آٹھ رکنی میڈیکل بورڈ دوبارہ پوسٹ مارٹم اور فرانزک معائنے کی نگرانی کرے گا۔
میر رضا کے والد کی درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ ضلع شرقی نے سیکریٹری صحت کو فوری طور پر میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور مقررہ قانونی طریقہ کار کے تحت قبر کشائی کرانے کا حکم دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق قبر کشائی کے بعد میڈیکل بورڈ تمام طبی اور فرانزک شواہد کا ازسرِنو جائزہ لے کر موت کی اصل وجہ جاننے کی کوشش کرے گا، جس کے بعد اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرائے گا۔
سیکریٹری صحت کی جانب سے تشکیل دیے گئے میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر سمیعہ سید کو کنوینر مقرر کیا گیا ہے، جو بورڈ کی سربراہی کریں گی اور حتمی رپورٹ مرتب کریں گی۔
پروفیسر ڈاکٹر نسیم احمد بطور پیتھالوجسٹ پوسٹ مارٹم کی سربراہی کریں گے، جبکہ ڈاکٹر فرح وسیم بطور فرانزک ایکسپرٹ شواہد اور زخموں کا فرانزک تجزیہ کریں گی۔
امیر حسن خان بطور فرانزک آئیڈینٹیفکیشن ایکسپرٹ لاش کی شناخت کی تصدیق کریں گے، جبکہ ڈاکٹر سری چند بطور سینئر ممبر قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے مجموعی عمل کی نگرانی کریں گے۔
اسی طرح ڈاکٹر کامران خان بطور میڈیکو لیگل آفیسر پوسٹ مارٹم میں عملی حصہ لیں گے، ڈاکٹر دانیال مرزا پوسٹ مارٹم کی کارروائی اور تمام شواہد کی دستاویزات تیار کریں گے، جبکہ ڈاکٹر محمد یٰسین انتظامی امور اور رابطہ کاری کی ذمہ داری نبھائیں گے۔
دوسری جانب کراچی پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ پولیس سرجن کو پوسٹ مارٹم رپورٹ میڈیا میں جاری نہیں کرنی چاہیے تھی۔ ان کے مطابق پولیس سرجن نے میر رضا کی لاش کا خود معائنہ نہیں کیا بلکہ تصاویر کی بنیاد پر اپنی رائے دی۔
انہوں نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس نہیں بلکہ میڈیکو لیگل آفیسر (ایم ایل او) جاری کرتا ہے، جبکہ پولیس اپنی رائے ایم ایل او کی رپورٹ کی بنیاد پر قائم کرتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس سرجن کو اپنی رائے میڈیا میں بیان کرنے کے بجائے تحریری طور پر متعلقہ حکام کو دینی چاہیے تھی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق اہل خانہ کی درخواست پر عدالت کے حکم سے قبر کشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا جا سکتا ہے، جبکہ پولیس میڈیکل بورڈ کی حتمی رپورٹ کی روشنی میں آئندہ قانونی کارروائی کرے گی۔