ورلڈ بریسٹ فیڈنگ ویک کا آغاز، ماں کا دودھ نومولود بچوں کی بہترین غذا قرار

کراچی میں ورلڈ بریسٹ فیڈنگ ویک کے موقع پر منعقدہ تقریب میں ماہرینِ صحت نے زور دیا کہ ماں کا دودھ نومولود بچوں کے لیے مکمل اور محفوظ غذا ہے، جو انہیں مختلف بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ مقررین نے فارمولا دودھ کے غیر ضروری استعمال سے گریز اور بریسٹ فیڈنگ کے فروغ کے لیے عوام میں آگاہی بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

کراچی میں بچوں کی صحت سے متعلق عالمی ادارے یونیسیف کے تعاون سے ورلڈ بریسٹ فیڈنگ ویک کی افتتاحی تقریب نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (NAPA) میں منعقد ہوئی، جس میں ماہرینِ صحت، سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب میں سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی (SICHN) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جمال رضا، سابق وائس چانسلر ڈاکٹر سعید قریشی، پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن کے سی ای او مشتاق چھاپرا، جناح اسپتال کی شعبہ گائنی کی سربراہ ڈاکٹر حلیمہ اور نیفرولوجسٹ ڈاکٹر کھیم چند سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔
جناح اسپتال کی شعبہ گائنی کی سربراہ ڈاکٹر حلیمہ نے کہا کہ ماں کا دودھ پینے والے بچے نسبتاً زیادہ صحت مند ہوتے ہیں، جبکہ فارمولا دودھ استعمال کرنے والے بچوں میں انفیکشن اور دیگر بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ان کے مطابق ماں کے دودھ میں موجود اینٹی باڈیز نومولود بچوں کے مدافعتی نظام کو مضبوط بناتی ہیں اور ابتدائی عمر میں بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فارمولا دودھ کی تیاری میں استعمال ہونے والا پانی، بوتل کی صفائی میں کوتاہی اور دودھ کو زیادہ دیر تک محفوظ رکھنے جیسی وجوہات بچوں میں اسہال اور دیگر انفیکشنز کا باعث بن سکتی ہیں، خصوصاً گرمی کے موسم میں یہ خطرات مزید بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی آگاہی تقریبات نہ صرف طبی عملے بلکہ عوام میں بھی بریسٹ فیڈنگ کی اہمیت اجاگر کرنے میں مؤثر کردار ادا کرتی ہیں۔
پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن کے سی ای او مشتاق چھاپرا نے کہا کہ اگست کا مہینہ دنیا بھر میں بریسٹ فیڈنگ کے فروغ کے لیے منایا جاتا ہے تاکہ ماؤں میں شعور بیدار ہو۔ انہوں نے کہا کہ ماں کا دودھ بچے کو بیماریوں سے قدرتی تحفظ فراہم کرتا ہے اور والدین کو چاہیے کہ کم از کم دو سال تک بچوں کو ماں کا دودھ پلانے کو ترجیح دیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر جمال رضا نے کہا کہ سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی کے تقریباً 13 مراکز صوبے بھر میں بچوں کی صحت کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کا مقصد بچوں اور نومولودوں کی شرح اموات میں کمی لانا اور صحت کی سہولیات کو مزید اضلاع تک وسعت دینا ہے تاکہ ہر بچے کو اپنے گھر کے قریب مفت اور معیاری علاج میسر آ سکے۔
تقریب میں مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بریسٹ فیڈنگ کے فروغ، ماؤں کی رہنمائی اور بچوں کی بہتر صحت کے لیے آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں