ماں نے جگر کے ٹکڑے دے کر دو بچوں کی جان بچا لی

لاہور: پاکستان میں اعضا کی پیوندکاری کے شعبے میں ایک غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاک کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) نے ایک ایسی سرجری کامیابی سے انجام دی ہے جس میں ایک ماں کے جگر کے عطیے سے دو بچوں کی جان بچائی گئی۔ اس نایاب اور پیچیدہ طریقۂ علاج کو طبی اصطلاح میں Domino APOLT (Auxiliary Partial Orthotopic Liver Transplant) کہا جاتا ہے۔

اس کامیاب عمل کو پی کے ایل آئی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر فیصل سعود ڈار کی سربراہی میں سرجنز کی ٹیم نے انجام دیا، جو اب تک ڈھائی ہزار سے زائد جگر کی پیوندکاریاں کرچکے ہیں۔ ڈاکٹر فیصل ڈار نے VitalsNews.com کو بتایا کہ اس نوعیت کے کامیاب کیسز دنیا میں بھی بہت کم رپورٹ ہوئے ہیں اور مخصوص بیماریوں اور اس طریقۂ علاج کے حوالے سے یہ کیس ممکنہ طور پر اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہو سکتا ہے، تاہم اس کی حتمی تصدیق کے لیے عالمی طبی لٹریچر کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک ماں نے اپنے جگر کا ایک حصہ اپنے بچے کو عطیہ کیا، جو پیدائشی طور پر جگر کی ایک سنگین بیماری میں مبتلا تھا۔ اس عطیے کے بعد بچے کی صحت میں واضح بہتری آئی اور اس کی جان بچ گئی۔

بعد ازاں اسی بچے کے جگر کا ایک حصہ، جو ساخت کے لحاظ سے صحت مند تھا مگر اس کے اپنے جسم کے لیے مؤثر نہیں تھا، دوسرے بچے کو منتقل کیا گیا۔ دوسرا بچہ ایک ایسی موروثی بیماری میں مبتلا تھا جس کے باعث اس کے جسم میں کولیسٹرول کی سطح خطرناک حد تک بڑھ جاتی تھی اور کم عمری میں دل کے شدید امراض کا خدشہ تھا۔ جگر کی پیوندکاری کے بعد اس بچے کی صحت میں بھی نمایاں بہتری سامنے آئی۔

ڈاکٹروں کے مطابق اس پورے عمل کے بعد ماں اور دونوں بچے تیزی سے صحتیاب ہوئے اور چند ہی دنوں میں اسپتال سے گھر روانہ ہوگئے۔ علاج کے بعد پہلے بچے کے خون کے ٹیسٹ نارمل ہوگئے جبکہ دوسرے بچے میں کولیسٹرول کی سطح نمایاں طور پر کم ہوگئی۔

پروفیسر فیصل سعود ڈار نے کہا کہ اس کامیابی سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اگر درست منصوبہ بندی اور مہارت کے ساتھ کام کیا جائے تو ایک ہی عطیہ دہندہ ایک سے زیادہ جانیں بچا سکتا ہے۔

ٹرانسپلانٹ سرجنز اور ماہرین کے مطابق اس کامیاب Domino APOLT نے نہ صرف پاکستان میں جگر کی پیوندکاری کے معیار کو عالمی سطح پر نمایاں کیا ہے بلکہ ان خاندانوں کے لیے بھی امید کی نئی کرن بن کر سامنے آیا ہے جو پہلے ایسے علاج کے لیے بیرون ملک جانے پر مجبور تھے-

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

ادویات کی قلت کا فوری خطرہ نہیں تاہم کمپنیاں تیار رہیں: ڈریپ

شہد میں اینٹی بایوٹک ادویات، سی فوڈ میں بیکٹریا، امریکا میں پاکستانی تجارتی سامان ضبط

کراچی، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں پرتشدد مظاہرے، کم از کم 25 افراد جاں بحق، 130 سے زائد زخمی؛ اسپتال ہائی الرٹ