سندھ میں موبائل ہیلتھ سروسز سے 50 لاکھ سے زائد مریض مستفید، 12 لاکھ 74 ہزار طبی ٹیسٹ کیے گئے

کراچی، 22 اکتوبر 2026: مشیر وزیراعلیٰ سندھ برائے محکمہ بحالی گیانچند ایسرانی کو بتایا گیا ہے کہ جون 2016 سے ستمبر 2026 تک صوبے میں موبائل ڈائیگناسٹک اینڈ ایمرجنسی ہیلتھ کیئر سروسز کے ذریعے 50 لاکھ 19 ہزار 864 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ 12 لاکھ 74 ہزار 322 لیبارٹری اور دیگر طبی ٹیسٹ کیے گئے۔

یہ بریفنگ مشیر وزیراعلیٰ سندھ گیانچند ایسرانی کی زیر صدارت ڈائریکٹوریٹ آف موبائل ڈائیگناسٹک اینڈ ایمرجنسی ہیلتھ کیئر سروسز کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں سیکریٹری بحالی رفیق مصطفیٰ شیخ، ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد جلال الدین شیخ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ادارے کے 20 موبائل یونٹس، جن میں 13 موبائل ڈائیگناسٹک یونٹس اور 7 موبائل ہیلتھ یونٹس شامل ہیں، سندھ کے 17 اضلاع میں خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

عمرکوٹ میں قائم ماڈل موبائل اسپتال کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ سول اسپتال عمرکوٹ میں موبائل آئی سی یو، گائناکالوجی، نوزائیدہ بچوں کی نگہداشت اور انتہائی نگہداشت کی خصوصی سہولیات دستیاب ہیں۔ یہاں اب تک 3,654 زچگیاں کرائی جا چکی ہیں، جبکہ 18,178 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

گیانچند ایسرانی نے ادارے کی سرگرمیوں، مریضوں کے ریکارڈ، طبی ٹیسٹ، عملے اور گاڑیوں کی تفصیلات پر مشتمل ویب سائٹ اور ڈیجیٹل پورٹل ایک ہفتے کے اندر فعال کرنے کی ہدایت کی، تاکہ مریضوں، بیماریوں، اضلاع اور طبی سہولیات سے متعلق مستند ڈیٹا دستیاب ہو اور کارکردگی کی مؤثر نگرانی کی جا سکے۔

انہوں نے تمام موبائل ہیلتھ یونٹس اور گاڑیوں میں ٹریکرز فعال کرنے، گاڑیوں کی نقل و حرکت، بروقت آمدورفت، عملے کی حاضری اور طبی سہولیات کی فراہمی کی نگرانی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اس سلسلے میں مانیٹرنگ افسران سے تفصیلی رپورٹ طلب کرنے کا حکم دیا گیا۔

اجلاس میں موبائل ہیلتھ یونٹس سے متعلق عوامی آگاہی کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ مشیر وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ سوشل میڈیا، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے موبائل اسپتالوں کی تشہیر کی جائے اور طبی کیمپ لگانے سے پہلے مقامی آبادی کو بروقت آگاہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد طبی معائنے اور لیبارٹری ٹیسٹ کی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔

گیانچند ایسرانی نے کہا کہ ہنگامی حالات اور قدرتی آفات کے دوران متاثرہ علاقوں اور ریلیف کیمپوں میں طبی سہولیات کی فراہمی بھی محکمہ بحالی کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ اس لیے موبائل ہیلتھ یونٹس کو ہنگامی صورتحال میں فوری خدمات فراہم کرنے کے لیے تیار رکھا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور ادارے کی کارکردگی، شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں