پاکستان میں ہر تیسرا بالغ فرد ذیابیطس کا شکار، طرزِ زندگی میں تبدیلی ناگزیر ہے؛ پروفیسر ایم زمان شیخ

کراچی: پاکستان میں ذیابیطس کی شرح 33 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور ملک کا ہر تیسرا بالغ فرد اس مرض کا شکار ہے، جو صحتِ عامہ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ ذیابیطس اور اس کی پیچیدگیوں سے بچاؤ کے لیے جسمانی وزن میں کمی، متوازن اور صحت بخش غذا، فاسٹ فوڈ سے پرہیز، روزانہ کم از کم 30 منٹ ورزش اور سگریٹ نوشی ترک کرنا نہایت ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار ماہرِ ذیابیطس پروفیسر ایم زمان شیخ نے سر سید کالج آف میڈیکل سائنسز اینڈ ہسپتال کے زیرِ اہتمام ذیابیطس کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ آگاہی واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آگاہی واک میں ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف، میڈیکل کے طلبہ اور دیگر طبی عملے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن کے ذریعے شہریوں کو ذیابیطس سے بچاؤ، صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور باقاعدگی سے شوگر کی اسکریننگ کرانے کا پیغام دیا گیا۔

پروفیسر ایم زمان شیخ نے کہا کہ پاکستان میں ذیابیطس کی تشویشناک شرح کے پیش نظر عوامی سطح پر آگاہی مہمات کا تسلسل انتہائی ضروری ہے۔ ہر سال نومبر کے مہینے میں واکس اور تعلیمی سیمینارز کے انعقاد کا مقصد عوام، ذیابیطس کے مریضوں اور طبی عملے کو اس مرض کے خطرات اور پیچیدگیوں سے آگاہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذیابیطس سے بچاؤ اور اس پر قابو پانے کے لیے روزمرہ معمولات میں تبدیلی لانا ہوگی۔ شہری اضافی وزن کم کریں، کم مقدار میں متوازن غذا استعمال کریں، روزانہ پیدل چلنے یا ورزش کو معمول بنائیں اور فاسٹ فوڈ، میٹھے کولڈ ڈرنکس، سگریٹ نوشی اور ہوٹلوں و ریستورانوں میں بار بار کھانے سے اجتناب کریں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ضیاء الدین شیخ اور کالج کے پرنسپل پروفیسر (بریگیڈیئر) ایم وسیم خان نے بھی خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کا عالمی دن ہر سال 14 نومبر کو انسولین کے شریک دریافت کنندہ سر فریڈرک بینٹنگ کی سالگرہ کے موقع پر منایا جاتا ہے، جنہوں نے 1921 میں یونیورسٹی آف ٹورنٹو میں انسولین کی دریافت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ انسولین کی دریافت نے ذیابیطس کے علاج میں انقلاب برپا کیا اور گزشتہ ایک صدی کے دوران لاکھوں انسانی جانیں بچانے میں مدد دی۔ بالخصوص ٹائپ ون ذیابیطس کے مریضوں کے لیے انسولین آج بھی زندگی بچانے والے بنیادی علاج کی حیثیت رکھتی ہے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں