پاکستان میں تیار کردہ ایکسرے مشین نمائش میں پیش، طبی ٹیکنالوجی میں خودکفالت کی جانب اہم پیش رفت

کراچی: پاکستان میں مقامی سطح پر تیار کی جانے والی میڈیکل ایکسرے مشین کو کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری 23ویں ہیلتھ ایشیا نمائش میں پہلی بار نمائش کے لیے پیش کردیا گیا۔

الشفاء میڈیکل ایکوپمنٹ کی جانب سے تیار کی گئی ایکسرے مشین کو کمپنی کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) اور پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (PNRA) سے ضروری منظوری اور لائسنس حاصل ہیں۔

کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد فاروق کے مطابق مقامی سطح پر ایکسرے مشین کی تیاری پاکستان میں میڈیکل ڈیوائسز کے شعبے میں درآمدی ٹیکنالوجی پر انحصار کم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔

احمد فاروق کا کہنا ہے کہ مشین میں جدید ہائی فریکوئنسی انورٹر ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جس کے باعث ایکسرے ایکسپوژر کا دورانیہ روایتی مشینوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم کیا جاسکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق بعض ایکسرے طریقہ کار میں ایکسپوژر کا دورانیہ تقریباً 0.1 سیکنڈ تک رہ جاتا ہے، جس سے تابکاری کے ایکسپوژر کو کم رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

مقامی طور پر تیار کردہ مشین کی ایک اہم خصوصیت اس کی کم توانائی کی ضرورت بھی بتائی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق اسے 3 سے 5 کے وی اے یو پی ایس یا سولر سسٹم کے ذریعے بھی چلایا جاسکتا ہے، جس سے ان علاقوں میں بھی استعمال ممکن ہوسکتا ہے جہاں بجلی کی فراہمی محدود ہو یا بڑے جنریٹر کی سہولت دستیاب نہ ہو۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اسی نوعیت اور صلاحیت کی درآمدی مشینوں کے مقابلے میں مقامی ایکسرے مشین کی قیمت دو سے چار گنا تک کم ہوسکتی ہے۔ مقامی تیاری کے باعث مشین کے اسپیئر پارٹس بھی ملک میں دستیاب ہونے اور خرابی کی صورت میں مرمت کا عمل نسبتاً تیز ہونے کی توقع ہے۔

احمد فاروق کے مطابق درآمدی طبی آلات کے لیے اسپیئر پارٹس کی فراہمی میں تاخیر اور زرمبادلہ کے اخراجات بڑے چیلنجز ہیں، جبکہ مقامی سطح پر تیار کردہ مشین سے نہ صرف ان مسائل پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے بلکہ طبی آلات کی مقامی صنعت کو بھی فروغ دیا جاسکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق مستقبل میں پاکستانی ساختہ ایکسرے مشین کو عالمی مارکیٹ میں متعارف کرانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ اس مقصد کے لیے بین الاقوامی طبی نمائشوں، جن میں عرب ہیلتھ بھی شامل ہے، میں پاکستانی ٹیکنالوجی کو پیش کرکے برآمدات بڑھانے اور ملک کے لیے زرمبادلہ کمانے کی کوشش کی جائے گی۔

ماہرین کے مطابق پاکستان میں طبی آلات کی مقامی تیاری کو فروغ دینے سے صحت کے شعبے میں درآمدی انحصار کم کرنے، آلات کی دستیابی بہتر بنانے اور مقامی ٹیکنیکل مہارت کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں