کراچی میں ایم پاکس (Monkeypox) کا ایک اور کیس سامنے آگیا، جس کے بعد رواں سال ملک میں ایم پاکس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 41 تک پہنچ گئی ہے۔
اسپتال حکام کے مطابق اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ نوجوان کو گزشتہ روز جسم پر دانوں کی شکایت کے باعث نیپا اسپتال لایا گیا تھا۔ ڈاکٹرز نے ایم پاکس کا شبہ ہونے پر نوجوان کے سیمپلز ٹیسٹ کے لیے بھجوائے۔
پی سی آر ٹیسٹ میں نوجوان میں ایم پاکس کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد متاثرہ مریض کو نیپا اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کرلیا گیا ہے۔
اسپتال حکام کے مطابق کراچی میں مجموعی طور پر ایم پاکس کے چار مریض زیر علاج تھے، جن میں سے دو مریض صحتیاب ہونے کے بعد ڈسچارج ہوچکے ہیں، جبکہ دو مریض تاحال زیر علاج ہیں۔
رواں سال اب تک ایم پاکس کے 41 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں سے 28 کیسز سندھ کے دیگر علاقوں جبکہ 13 کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں۔