کراچی، 23 جولائی 2026: سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز (SIEHS) نے بدر ایکسپو سلوشنز کے زیرِ اہتمام منعقدہ ہیلتھ کیئر ایکسپو اینڈ کانفرنس 2026 کے تیسرے ایڈیشن میں اپنی نمایاں اور فعال شرکت کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ تین روزہ نمائش 23 سے 25 جولائی 2026 تک کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری رہے گی.
اس بین الاقوامی تقریب میں پاکستان اور بیرونِ ملک سے 80 سے زائد نمائش کنندگان اور اسٹیک ہولڈرز کے علاوہ ہیلتھ کیئر کے ماہرین، صنعت کے رہنما، جدت طراز اور پالیسی ساز یکجا ہوئے ہیں تاکہ شعبہ صحت کی ترقی اور ابھرتے ہوئے جدید رجحانات پر گفتگو کی جا سکے۔
نمائش کا باضابطہ افتتاح مہمانِ خصوصی گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے ہیلتھ کیئر انڈسٹری کی ممتاز شخصیات کی موجودگی میں کیا۔
اس ایونٹ میں ملک بھر کے معتبر طبی اور تعلیمی اداروں کی شرکت شامل ہے، جن میں ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (DUHS)، پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی، جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (JPMC)، ضیاء الدین یونیورسٹی اور ہمدرد یونیورسٹی ہسپتال شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پی این ایس شفا، سندھ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز (SICVD)، سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی (SICHN)، ایس آئی یو ٹی (SIUT) پاکستان، اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف ٹراما بھی اس نمائش کا حصہ ہیں۔
ایکسپو کے مرکزی ہال میں SIEHS نے اپنا خصوصی "ایکسپیریئنس زون” (Experience Zone) قائم کیا ہے، جس کا مقصد زائرین کو صوبہ بھر میں فراہم کی جانے والی بلا معاوضہ اور معیاری قبل از ہسپتال (pre-hospital) ایمرجنسی خدمات سے عملی طور پر آگاہ کرنا ہے۔
اس زون میں SIEHS کی جانب سے اپنی جدید ایمرجنسی گاڑیوں کی لائیو نمائش کی جا رہی ہے، جن میں آئی سی یو آن وہیلز (ICU-on-Wheels) ایمبولینس، فرسٹ ریسپونڈر موٹر سائیکل یونٹ اور سائیکل رسپونس یونٹ شامل ہیں۔ یہ تمام یونٹس بالخصوص پرہجوم اور گنجان علاقوں میں تیز ترین امداد کی فراہمی کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔
زائرین کی سہولت کے لیے "ٹیلی طبیب 1123” کا ڈیمو بھی پیش کیا جا رہا ہے، جو SIEHS کی 24/7 مفت ٹیلی میڈیسن سروس ہے اور شہریوں کو PMDC سے منظور شدہ ڈاکٹروں اور نفسیاتی معالجین سے جوڑتی ہے۔ مزید برآں، ادارے کے ڈیپارٹمنٹ آف ریسرچ، ڈیولپمنٹ اینڈ ایجوکیشن (DRDE) کے ماہرین کی جانب سے سی پی آر (CPR) اور ابتدائی طبی امداد کی لائیو تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر SIEHS کے ایکٹنگ چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب لطف علی منگریو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
"ہیلپ لائن 1122 پر موصول ہونے والی ہر کال ایک عزم کی ضامن ہے—کہ بلا تفریق و امتیاز، ہر شہری تک بروقت امداد پہنچائی جائے گی۔ ہیلتھ کیئر ایکسپو اینڈ کانفرنس ہمیں یہ موقع فراہم کرتی ہے کہ ہم اپنی فیلڈ کی خدمات کو عوام کے سامنے پیش کریں تاکہ وہ خود دیکھ سکیں کہ مفت اور معیاری ایمرجنسی کیئر کی فراہمی کس طرح ممکن بنائی جا رہی ہے۔”
جناب لطف علی منگریو کی قيادت میں SIEHS کمیونٹی آؤٹ ریچ اور عوامی آگاہی کے پروگراموں کے ذریعے اپنے دائرہ کار کو وسعت دے رہا ہے۔ ادارے کا مقصد یہ واضح پیغام پہنچانا ہے کہ ایمرجنسی کیئر ہر شہری کا بنيادی حق ہے اور یہ بلاتفريق فراہم کی جانی چاہیے۔
ہیلتھ کیئر ایکسپو 2026 میں SIEHS کا ایکسپیریئنس زون زائرین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جو ادارے کے اس وژن کو سچ ثابت کرتا ہے کہ ایک ایسا سندھ تشکیل دیا جائے جہاں ہر شہری کے لیے بروقت طبی امداد محض ایک کال کی دوری پر ہو۔