میڈیکل اسٹوڈنٹ کی خودکشی، قصور وار ثابت ہونے پر فیکلٹی اور ادارے کے خلاف کارروائی ہوگی، پی ایم ڈی سی

اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے میرپورخاص میں محمد میڈیکل کالج کی تیسری سال کی طالبہ فہمیدہ لغاری کی افسوسناک موت پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگر الزامات ثابت ہوئے تو متعلقہ فیکلٹی اور ادارے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق فہمیدہ لغاری، جو محمد میڈیکل کالج میرپورخاص کی طالبہ تھیں، مبینہ ہراسانی کے باعث زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔ واقعے نے طبی تعلیمی حلقوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے، جس کے بعد حکومت سندھ نے اعلیٰ سطح کی انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔

پی ایم ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کونسل ہراسانی کے الزامات پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ انہوں نے حکومت سندھ کی جانب سے شروع کی گئی تحقیقات کا خیرمقدم کرتے ہوئے زور دیا کہ انکوائری ہر پہلو سے شفاف اور جامع ہونی چاہیے اور اس کی رپورٹ پی ایم ڈی سی کو فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ قصور وار ثابت ہونے والوں کے خلاف پی ایم ڈی سی کے قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی طالب علم کو غیر محفوظ تعلیمی ماحول میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔

کونسل نے محمد میڈیکل کالج سے واقعے کی مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں، جن میں انکوائری کمیٹیوں کی رپورٹ، ابتدائی شواہد، طالبہ کی جانب سے کسی شکایت کی موجودگی، اور ادارے میں ہراسگی کے سدباب کے لیے قائم نظام کی تفصیلات شامل ہیں۔ رپورٹ موصول ہونے پر معاملہ پی ایم ڈی سی کی ڈسپلنری کمیٹی کو بھجوایا جائے گا۔

پروفیسر رضوان تاج نے یاد دلایا کہ گزشتہ برس پی ایم ڈی سی نے تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو اینٹی ہراسمنٹ کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت جاری کی تھی تاکہ طلبہ کو بروقت انصاف اور محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی ادارے میں شکایات کا ازالہ نہ ہو تو طلبہ براہ راست پی ایم ڈی سی کی ہراسمنٹ کمیٹی سے رجوع کر سکتے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ہراسانی، دھمکی یا بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ طلبہ کی سلامتی، عزت اور ذہنی صحت پی ایم ڈی سی کی اولین ترجیح ہے۔

پی ایم ڈی سی نے مرحومہ کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر کے طبی تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ اخلاقی اور پیشہ ورانہ اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

میڈیکل اسٹوڈنٹ کی خودکشی، قصور وار ثابت ہونے پر فیکلٹی اور ادارے کے خلاف کارروائی ہوگی، پی ایم ڈی سی

کراچی میں نوجوان منکی پاکس کا شکار ، مشتبہ کیسز کی تعداد بڑھنے سے شہریوں میں خوف پھیلنے لگا، اسپتالوں میں ہائی الرٹ

کراچی میں ڈینگی سے رواں سال کی پہلی ہلاکت رپورٹ