سروسز اسپتال کراچی کی نئی عمارت میں منتقلی کا فیصلہ، 3 کمرے اور 3 ہال مختص


کراچی: سندھ گورنمنٹ سروسز اسپتال کو کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) کے زیر انتظام سرفراز رفیقی شہید اسپتال کی دوسری منزل پر منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری خط کے مطابق کے ایم سی کے ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز نے سرفراز رفیقی شہید اسپتال کی دوسری منزل پر سروسز اسپتال کی منتقلی کے لیے 3 کمرے اور 3 ہال محکمہ صحت سندھ کو الاٹ کیے ہیں۔

محکمہ صحت نے سروسز اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی ہے کہ الاٹ کیے گئے کمروں اور ہالز کا محکمہ صحت کے حوالے سے چارج لینے اور دینے کے لیے ضروری انتظامات کیے جائیں اور سروسز اسپتال کراچی کو فوری طور پر نئی جگہ منتقل کیا جائے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سروسز اسپتال کی موجودہ عمارت کو بعد ازاں سول اسپتال کراچی کے حوالے کیا جائے گا۔

دوسری جانب سروسز اسپتال کراچی کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شمائلہ سہیل کی جانب سے جاری سرکلر میں اسپتال کے تمام افسران، ڈاکٹرز اور دیگر عملے کو فوری طور پر سرفراز رفیقی شہید اسپتال کی دوسری منزل پر رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

سرکلر کے مطابق اسپتال کے تمام شعبہ جات کے سربراہان، او پی ڈی ڈاکٹرز، انتظامی عملہ، سینئر فارماسسٹ اور فارماسسٹس، اسٹاف نرسز، ٹیکنیکل و معاون پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت تمام دیگر افسران و ملازمین نئی الاٹ شدہ جگہ پر اپنی ڈیوٹی انجام دیں گے۔

اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ منتقلی کے تمام ضروری انتظامات فوری بنیادوں پر مکمل کیے جائیں تاکہ سروسز اسپتال کی طبی خدمات اور ضروری انتظامی امور میں کسی قسم کا تعطل پیدا نہ ہو۔

سرکلر میں متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان اور انچارجز کو اپنے ماتحت عملے کی حاضری اور نئی جگہ پر رپورٹنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ صحت کی ہدایات کے مطابق سروسز اسپتال کی منتقلی کا عمل فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، جبکہ موجودہ سروسز اسپتال کی عمارت سول اسپتال کراچی کو حوالے کیے جانے کے بعد اس عمارت کے مستقبل کے استعمال سے متعلق انتظامی امور بھی سامنے آئیں گے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں