کراچی: انڈس اسپتال ہیلتھ نیٹ ورک نے اپنی دو سالہ فلیگ شپ ہیلتھ کانفرنس ICON 2026 ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق یہ فیصلہ حکومتی کفایت شعاری پالیسی اور خطے میں جاری جغرافیائی صورتحال کے باعث کیا گیا ہے، جس کے تحت بڑے پیمانے پر تقریبات کو محدود کیا جا رہا ہے۔
ادارے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ موجودہ علاقائی صورتحال اور حکومتِ پاکستان کی ہدایات کے پیش نظر ICON 2026 کو مؤخر کیا جا رہا ہے، کانفرنس کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
آئی کون کا آٹھواں ایڈیشن آئندہ ماہ 10 سے 18 اپریل کراچی،مظفر گڑھ اور لاہورمیں منعقد ہونا تھا۔ یہ کانفرنس ملک بھر کے ڈاکٹروں، محققین، ہیلتھ ایکسپرٹس اور طلبہ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم سمجھی جاتی ہے، جہاں صحت کے نظام کو مزید مضبوط، مریض دوست اور پائیدار بنانے پر غور کیا جانا تھا۔
منتظمین کے مطابق کانفرنس میں 42 سائنسی سیشنز، پلینری فورمز اور ماہرین کی قیادت میں مباحثے شامل تھے، جن میں قومی و بین الاقوامی ماہرین شرکت کرنے والے تھے۔ اس کے علاوہ حکومتی اداروں، این جی اوز اور ترقیاتی شراکت داروں کی نمائندگی بھی متوقع تھی۔
کانفرنس کا ایک اہم محور ماحولیاتی تبدیلی کے صحت کے شعبے پر اثرات کا جائزہ لینا اور محدود وسائل کے باوجود نظام کو بہتر بنانے کے لیے عملی تجاویز پیش کرنا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل ہیلتھ، جدید ٹیکنالوجی اور پائیدار ہیلتھ کیئر ماڈلز پر بھی گفتگو ہونا تھی۔
انڈس اسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ شرکاء کی سلامتی اور قومی ہدایات پر عملدرآمد ان کی اولین ترجیح ہے اور حالات بہتر ہوتے ہی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 2012 سے جاری آئی کون پاکستان میں صحت کے شعبے میں مکالمے اور جدت کا ایک اہم پلیٹ فارم بن چکی ہے۔ 2026 ایڈیشن کی تیاری کے سلسلے میں ملک بھر میں 150 سے زائد پری کانفرنس ورکشاپس بھی منعقد کی جا چکی تھیں جن میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کی تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔
ماہرین صحت کے مطابق کانفرنس کی التواء ایک وقتی دھچکا ضرور ہے، تاہم یہ پلیٹ فارم مستقبل میں بھی پاکستان کے صحت کے نظام میں بہتری کے لیے اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔