کراچی: پی پی ایچ آئی کشمور میں ایکسرے روم میں رقص کا معاملہ سامنے آگیا، ٹیکنیشن عبدالنبی کو رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنا مہنگا پڑ گیا، ویڈیو وائرل ہونے پر انتظامیہ حرکت میں آگئی۔
پی پی ایچ آئی کی جانب سے ملازم سے وضاحت طلب کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے عبدالنبی کو ہدایت کی ہے کہ وہ 24 گھنٹوں کے اندر اپنا جواب جمع کرائیں، بصورت دیگر قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال کشمور میں ایکسرے روم کے اندر خواجہ سرا کو نچانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انتظامیہ نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔ واقعے میں ملوث ایکسرے ٹیکنیشن عبدال نبی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 گھنٹوں میں وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق ویڈیو مبینہ طور پر ڈیوٹی اوقات میں ریکارڈ کی گئی، جس میں ایکسرے روم جیسے حساس اور پیشہ ورانہ ماحول میں غیر مناسب سرگرمی دکھائی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس عمل سے نہ صرف ادارے کی ساکھ متاثر ہوئی بلکہ سکیورٹی اور ضابطہ اخلاق پر بھی سنگین سوالات اٹھے ہیں۔
شوکاز نوٹس میں عبدالنبی سے تین نکات پر وضاحت مانگی گئی ہے، جن میں یہ شامل ہے کہ واقعہ ایکسرے روم میں کیسے پیش آیا، وہ خود اس وقت موجود تھے یا نہیں، اور اس سرگرمی میں ان کا کردار کیا تھا۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ وقت میں تسلی بخش جواب نہ دینے کی صورت میں قواعد کے مطابق سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو نے صارفین میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے، شہریوں نے اسپتالوں میں نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ ماحول کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔