شوکت خانم ہسپتال کی جانب سے عمران خان کی صحت پر تشویش، معالجین کی ٹیم کو فوری رسائی کی درخواست

لاہور: شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر نے سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے طبی معائنے اور علاج میں شمولیت کے لیے فوری رسائی کی درخواست کر دی ہے۔

 

ہسپتال کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ رات سے متعدد رپورٹس گردش کر رہی ہیں جن میں بتایا جا رہا ہے کہ عمران خان آنکھوں کی ایک سنگین بیماری سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کا شکار ہو سکتے ہیں، جو مختلف اندرونی طبی مسائل سے منسلک ہو سکتی ہے۔

 

بیان میں کہا گیا کہ شوکت خانم ہسپتال کے لیے اس خبر کی آزادانہ طور پر تصدیق کرنا اس وقت ممکن نہیں، تاہم رپورٹ ہونے والی بیماری کی نوعیت کے پیش نظر عمران خان کی صحت کے بارے میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

 

شوکت خانم ہسپتال نے واضح کیا کہ اسے ان معالجین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارت پر مکمل اعتماد ہے جو اس وقت عمران خان کا علاج کر رہے ہیں، تاہم اس کے باوجود ہسپتال نے درخواست کی ہے کہ اس کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کو فوری طور پر عمران خان تک رسائی دی جائے اور انہیں علاج میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے۔

 

ہسپتال کے مطابق اس اقدام کا مقصد ان تمام افراد کو مطمئن کرنا ہے جو عمران خان کی صحت کے حوالے سے فکرمند ہیں، اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ انہیں جامع اور شفاف طبی نگہداشت فراہم کی جا سکے۔

 

طبی ماہرین کے مطابق سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن ایک سنجیدہ آنکھوں کی بیماری ہے جو اچانک بینائی متاثر کر سکتی ہے اور عموماً بلند فشار خون، ذیابیطس اور خون کی نالیوں سے متعلق دیگر امراض سے منسلک ہوتی ہے، جس کے لیے بروقت اور مربوط طبی جانچ ضروری ہوتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے