سندھ میں پولیو کے دو نئے کیسز، ملک بھر میں مجموعی تعداد 29 تک پہنچ گئی

اسلام آباد: نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد کے ریجنل ریفرنس لیبارٹری فار پولیو ایریڈیکیشن نے سندھ میں پولیو وائرس کے دو نئے کیسز کی تصدیق کر دی ہے۔ ایک کیس ضلع بدین اور دوسرا ضلع ٹھٹھہ سے رپورٹ ہوا ہے۔

 

حکام کے مطابق دونوں متاثرہ بچیاں بالترتیب 48 اور 72 ماہ کی ہیں۔ ان نئے کیسز کے بعد 2025 میں پاکستان میں پولیو کے مجموعی کیسز کی تعداد 29 ہو گئی ہے، جن میں سے 18 خیبر پختونخوا، 9 سندھ، جبکہ پنجاب اور گلگت بلتستان میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

 

ماہرینِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ پولیو ایک نہایت متعدی اور لاعلاج مرض ہے جو عمر بھر کی معذوری کا سبب بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیو سے بچاؤ کا واحد مؤثر طریقہ پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو بار بار اور بروقت پولیو کے قطرے پلانا اور معمول کی ویکسینیشن مکمل کرنا ہے۔

 

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (NEOC) فار پولیو ایریڈیکیشن نے ستمبر 2025 میں سب نیشنل پولیو ویکسینیشن مہم چلائی تھی جس کے دوران ملک کے 88 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر تقریباً 2 کروڑ 10 لاکھ بچوں کو ویکسین پلائی گئی۔

 

حکام کے مطابق اگلی قومی پولیو مہم 13 سے 19 اکتوبر 2025 تک جاری رہے گی جس کا ہدف ملک بھر میں تقریباً 4 کروڑ 54 لاکھ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین اور وٹامن اے کے سپلیمنٹس فراہم کرنا ہے۔ اس مہم میں 4 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے قطرے پلائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے