سموگ سے سانس کی بیماریاں بڑھنے کا خدشہ، قومی ادارہ صحت نے خبردار کردیا

اسلام آباد: قومی ادارہ صحت نے ملک بھر میں بڑھتی ہوئی سموگ کے باعث سانس کی بیماریوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے عوام اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

قومی ادارہ صحت نے سموگ اور فضائی آلودگی سے بچاؤ کے لیے تفصیلی ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں عوام، صحت کے اداروں اور حکام کو ضروری اقدامات اٹھانے کا کہا گیا ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق رواں ماہ سے فروری تک سرد موسم اور زہریلے مادوں کا امتزاج انسانی صحت کو شدید متاثر کرسکتا ہے اور نمونیا سمیت کئی سانس کی بیماریوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ فضا میں موجود باریک ذرات اور زہریلی گیسیں پھیپھڑوں اور دل کے مسائل پیدا کرسکتی ہیں جبکہ بچوں، بزرگوں اور پہلے سے بیمار افراد کو سب سے زیادہ خطرہ لاحق ہے۔

قومی ادارہ صحت کے مطابق پنجاب کے شہر لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اسلام آباد سموگ سے سب سے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں، جبکہ لاہور میں فضائی آلودگی کی سطح سب سے زیادہ ریکارڈ کی جا رہی ہے، اس لیے شہریوں کو خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔

ایڈوائزری میں صحت کے شعبے، ماہرین اور متعلقہ اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ سموگ کے اثرات کم کرنے کے لیے ضروری انتظامات کریں۔

قومی ادارہ صحت نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ بچے غیر ضروری طور پر زیادہ دیر باہر نہ رہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں بڑے اور بچے، دونوں ماسک کا استعمال ضرور کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے