سندھ میں خسرہ و روبیلا ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ آغاز

کراچی: سندھ میں خسرہ و روبیلا ویکسینیشن مہم کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کا آغاز وزیرِ صحت و بہبودِ آبادی سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے ایک بچے کو ویکسین لگا کر کیا۔ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی شرمیلا فاروقی، سیکرٹری صحت، ای پی آئی ڈائریکٹر ڈاکٹر راج کمار، اور یونیسیف کے نمائندے شریک ہوئے۔

وزیرِ صحت نے اس موقع پر ایک اسکول کا دورہ بھی کیا، جب کہ ای پی آئی ڈائریکٹر ڈاکٹر راج کمار نے اپنے خطاب میں بتایا کہ اٹھ ملین سے زائد بچوں کو خسرہ و روبیلا کی ویکسین دی جائے گی۔ مہم کے دوران 6 سے 59 ماہ کی عمر کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔

ڈاکٹر راج کمار نے کہا کہ محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کے تعاون کے شکر گزار ہیں، اور تمام اضلاع میں روزانہ ویکسینیٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ویکسینیشن سے انکار کے کیسز کا فوری ازالہ کیا جائے اور والدین کے انکار کی صورت میں "سندھ امیونائزیشن اینڈ ایپیڈمکس کنٹرول ایکٹ 2023” کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

ای پی آئی ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ ای پی آئی مراکز میں خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں اور ای پی آئی سندھ کا مقصد ہے کہ ہر بچے تک ویکسین پہنچائی جائے۔

اپنے خطاب میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خسرہ، روبیلا اور پولیو سمیت تمام بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ویکسین لازمی لگوائیں۔
انہوں نے زور دیا کہ افواہوں پر کان نہ دھریں، کچھ لوگ سستی شہرت کے لیے غلط خبریں پھیلاتے ہیں۔

وزیر صحت نے میڈیا، تمام پارٹنرز اور اسپیشل اسکول کے بچوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ اس مہم کے لیے بھرپور تیاری کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے