کراچی: سندھ میں ڈینگی کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ برقرار ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3 افراد انتقال کرگئے، جس کے بعد رواں برس ڈینگی سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 36 ہوگئی۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی جنوبی کی 55 سالہ خاتون ڈینگی کے باعث چل بسیں، جبکہ حیدرآباد میں 50 سالہ مرد اور 80 سالہ خاتون انتقال کرگئے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سندھ کی یومیہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے بھر کے مختلف اسپتالوں میں 180 نئے مریض داخل ہوئے، جن میں 113 سرکاری اور 57 نجی اسپتالوں کے مریض شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت صوبے بھر میں 241 مریض ڈینگی کے باعث زیر علاج ہیں۔
کراچی ڈویژن میں 44 نئے مریض سرکاری اسپتالوں میں داخل ہوئے، جبکہ حیدرآباد سے 35 اور سندھ کے دیگر اضلاع سے 34 کیسز رپورٹ ہوئے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ بھر کی لیبارٹریوں میں 5 ہزار 229 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 774 مثبت آئے۔
اس دوران 191 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔
محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، پانی جمع نہ ہونے دیں اور علامات ظاہر ہونے پر فوری ٹیسٹ کرائیں۔
