کراچی: سندھ بھر میں ڈینگی وائرس کے وار جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد رواں برس ڈینگی سے اموات کی مجموعی تعداد 20 ہوگئی۔
محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں کراچی بلدیہ ٹاؤن کا 12 سالہ لڑکا، حیدرآباد کی 57 سالہ خاتون، 16 سالہ لڑکا اور 33 سالہ شخص شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ بھر میں ڈینگی کے 5 ہزار 295 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 1 ہزار 213 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔
صرف کراچی ڈویژن میں 3 ہزار 721 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 591 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔
رواں برس سندھ بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار 32 تک جا پہنچی جبکہ کراچی میں کیسز کی مجموعی تعداد 5 ہزار 286 ہوچکی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں 115 اور نجی اسپتالوں میں 128 نئے مریض داخل کیے گئے۔
سیکریٹری صحت ریحان بلوچ کے مطابق صوبے میں ڈینگی کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ موسمی حالات مچھروں کی افزائش کے لیے سازگار ہیں، اس لیے گھروں اور گلیوں میں جمع پانی کو ختم کرنا اور مچھر مار اسپرے کا استعمال ضروری ہے۔
