کراچی: پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کراچی نے غزہ میں اسپتالوں، طبی مراکز، طبی عملے اور شہری آبادی پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان سے فوری مداخلت اور طبی تنصیبات کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔ پیما کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں 1700 سے زائد طبی کارکن جاں بحق جبکہ 362 کو حراست میں لیا جا چکا ہے، جن میں سے کم از کم 83 تاحال اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں۔
پیما ہاؤس کراچی میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیما پاکستان کے مرکزی صدر ڈاکٹر احمد سلمان غوری نے کہا کہ غزہ کا نظام صحت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے اور طبی عملہ انتہائی نامساعد حالات میں مریضوں کی جان بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے بالخصوص 12 نومبر 2026 کو جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں واقع نصر میڈیکل کمپلیکس پر اسرائیلی فضائی حملے کی مذمت کی، جس میں 6 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوئے تھے۔ حملے کے نتیجے میں اسپتال کے سرجری وارڈ، ریڈیالوجی، لیبارٹری اور انتہائی نگہداشت کے شعبے متاثر ہوئے۔
کانفرنس میں نصر میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر اور سینئر فلسطینی معالج ڈاکٹر احمد الفَرّا نے آن لائن خطاب کرتے ہوئے غزہ کے تباہ حال طبی نظام کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کو طبی نسل کشی (Medical Genocide) قرار دیتے ہوئے بتایا کہ غزہ کے تمام 36 اسپتال اسرائیلی حملوں سے متاثر ہوئے ہیں اور کوئی بھی اسپتال مکمل طور پر فعال نہیں رہا۔ ان کے مطابق 53 فیصد اسپتال جزوی طور پر کام کر رہے ہیں جبکہ 47 فیصد مکمل تباہ یا غیر فعال ہو چکے ہیں۔
ڈاکٹر احمد الفَرّا کے مطابق عالمی ادارۂ صحت نے طبی مراکز اور طبی عملے پر 1056 حملوں کی تصدیق کی ہے، جبکہ غزہ کے تمام 189 بنیادی مراکز صحت کو بھی نشانہ بنایا گیا، جن میں سے 65 غیر فعال اور 94 جزوی طور پر فعال ہیں۔ طبی نظام کی تباہی کے باعث تشخیصی آلات کا 71 فیصد ضائع ہو چکا ہے اور پورے غزہ میں اب ایک بھی ایم آر آئی مشین موجود نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جنگ سے قبل غزہ میں فعال ڈاکٹروں میں سے اب صرف 1133، یعنی 57 فیصد، خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ سینئر طبی ماہرین کی بڑی تعداد ضائع ہو چکی ہے۔ آئی سی یو کے بستروں کی تعداد 312 سے کم ہو کر 179 رہ گئی ہے جبکہ نوزائیدہ بچوں کے انکیوبیٹرز 162 سے کم ہو کر 122 رہ گئے ہیں۔ انتہائی تشویش ناک صورتحال یہ ہے کہ جگہ کی کمی کے باعث ایک ہی انکیوبیٹر میں تین قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کو رکھنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
نصر میڈیکل کمپلیکس پر 12 نومبر کے حملے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس واقعے میں سینئر سرجن ڈاکٹر رزق ابو شیرہ، جنہیں ڈاکٹر رزق غنام بھی کہا گیا، اپنے 12 سالہ مریض ابو تیلخ کے ساتھ جاں بحق ہوئے۔ کم عمر مریض کا حملے سے صرف 24 گھنٹے قبل آپریشن کیا گیا تھا۔
پاکستانی نژاد برطانوی کنسلٹنٹ سرجن ڈاکٹر گوہر رہبر نے آن لائن خطاب میں غزہ کے زمینی حالات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہاں مؤثر جنگ بندی کا کوئی وجود نہیں، کیونکہ اسپتالوں میں روزانہ کی بنیاد پر جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے 12 نومبر کے حملے میں ڈاکٹر رزق اور ان کے کم عمر مریض کی بیک وقت شہادت کے واقعے کی چشم دید گواہی بھی پیش کی۔
پاکستانی نژاد امریکی چیسٹ اینڈ انٹینسیو کیئر اسپیشلسٹ ڈاکٹر عبدالرحمٰن نے طبی برادری اور فلاحی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مشکل ترین حالات کے باوجود امید کا دامن نہ چھوڑیں اور غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے عملی اور مؤثر راستے تلاش کریں۔
سیکریٹری پاکستان سوسائٹی آف فزیشنز ڈاکٹر عمر سلطان نے پاکستانی قیادت پر زور دیا کہ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل غزہ میں جاری انسانی بحران کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنا فعال سفارتی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مشرق وسطیٰ کے حالیہ تنازع میں جنگ بندی کے لیے ثالثی کا کردار ادا کیا تھا، اسی طرح غزہ میں جاری قتل و غارت روکنے کے لیے بھی مؤثر سفارتی کوششیں کی جائیں۔
کانفرنس میں صدر پیما کراچی ڈاکٹر سید احمر حامد، صدر پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن پروفیسر ڈاکٹر ناصر علی، پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن کی نمائندہ ثناء مرزا، لیاقت کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری کی پروفیسر ڈاکٹر عظمٰی ظریف، سیکریٹری پاکستان سوسائٹی آف فزیشنز ڈاکٹر عمر سلطان، ینگ ڈاکٹرز کے رہنماء ڈاکٹر وارث جاکھرانی، پیما ویمن ونگ کی ڈاکٹر فرزانہ اور ڈاکٹر صفیہ سمیت طبی برادری کے دیگر نمائندگان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر پیما پاکستان کے مرکزی صدر ڈاکٹر احمد سلمان غوری نے ایک قرارداد پیش کی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ غزہ کے تمام اسپتالوں، ایمبولینسوں اور طبی مراکز کو حملوں سے محفوظ رکھا جائے اور ڈاکٹروں سمیت تمام طبی کارکنوں کو بلا خوف و خطر فرائض انجام دینے کے لیے تحفظ فراہم کیا جائے۔ اسرائیلی حراست میں موجود طبی کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے اور بچوں، خواتین، زخمیوں اور آپریشن کے منتظر مریضوں کی جان و سلامتی یقینی بنائی جائے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ تباہ شدہ اسپتالوں کی فوری بحالی کے لیے ادویات، طبی آلات، ایندھن اور خوراک کی غزہ تک بلا تعطل رسائی دی جائے، جبکہ شدید بیمار مریضوں کو علاج کے لیے غزہ سے باہر منتقل کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے۔ اس کے علاوہ نصر میڈیکل کمپلیکس سمیت دیگر اسپتالوں پر حملوں کی غیر جانب دارانہ بین الاقوامی تحقیقات اور ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
پیما نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، عالمی ادارۂ صحت اور بین الاقوامی طبی و انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ محض تشویش کے اظہار تک محدود نہ رہیں بلکہ غزہ میں انسانی جانوں کے تحفظ اور طبی نظام کی بحالی کے لیے فوری عملی اقدامات کریں۔
پیما کے اعلامیے میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ انسانی جان کا تحفظ، علاج معالجے کا بنیادی حق اور طبی مراکز کی سلامتی کسی بھی سیاسی، مذہبی یا قومی اختلاف سے بالاتر ہے۔ حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ غزہ میں جاری انسانی بحران کے خاتمے اور اسپتالوں کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر اپنا مؤثر سفارتی کردار ادا کرے۔