کراچی: انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (آئی سی آر سی) اور اَن لمیٹڈ میڈیا کے زیرِ اہتمام ہیومینیٹیرین ایوارڈز میں وائٹلز نیوز کے ایڈیٹر اردو حامد الرحمٰن نے براڈکاسٹ میڈیا کیٹیگری میں ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔ انہیں ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی مشکلات اور مسائل کو اجاگر کرنے والی رپورٹ پر ایوارڈ دیا گیا۔
ایوارڈز کی تقریب پیر کے روز انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی کے سینٹر فار ایکسیلینس اِن جرنلزم (سی ای جے) میں منعقد ہوئی، جہاں مختلف کیٹیگریز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے صحافیوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب میں پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید، سی ای جے کے ڈائریکٹر شاہزیب جیلانی، سینئر صحافی کمال صدیقی، عنبر رحیم شمسی، عابد خان اور منزہ صدیقی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ سینئر صحافی عنبر رحیم شمسی، عابد خان اور منزہ صدیقی ایوارڈز کی جیوری کے ارکان بھی تھے۔
جیوری کے مطابق ایوارڈز کے لیے مختلف کیٹیگریز میں 100 سے زائد صحافیوں نے اپنی رپورٹس جمع کرائیں، جن کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد مختلف شعبوں میں بہترین رپورٹس پیش کرنے والے صحافیوں کا انتخاب کیا گیا۔
براڈکاسٹ میڈیا کیٹیگری میں وائٹلز نیوز کے ایڈیٹر اردو حامد الرحمٰن نے کامیابی حاصل کی، جبکہ آن لائن میڈیا کیٹیگری میں بی بی سی کے نمائندے زبیر خان، مین اسٹریم انگلش میڈیا میں ارم نور، مین اسٹریم اردو میڈیا میں اسلام گل آفریدی اور علاقائی زبانوں کی کیٹیگری میں عارف حیات ایوارڈ کے حقدار قرار پائے۔
تقریب کے دوران جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمیں جمالی کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ان کے شوہر ڈاکٹر اے آر جمالی اور صاحبزادے کو ان کی طبی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔
تقریب کے شرکاء نے تمام ایوارڈ یافتہ صحافیوں کو مبارک باد دی اور انسانی مسائل، محروم طبقات اور معاشرتی مشکلات کو اجاگر کرنے میں صحافت کے کردار کو سراہا۔