افغانستان میں 21 فیصد ادویات مقامی سطح پر تیار ہونے کا دعویٰ، پاکستانی ادویات پر انحصار کم کرنے کی کوششیں تیز

پاکستان کی دوا ساز برآمدات میں 30 فیصد کمی، افغانستان میں چار فیکٹریوں نے بین الاقوامی معیار کی سرٹیفکیشن حاصل کرلی، متبادل ممالک سے ادویات کی درآمد کے معاہدے

کابل: افغان حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں پہلے درآمد کی جانے والی تقریباً 21 فیصد ادویات اب مقامی سطح پر تیار کی جا رہی ہیں جبکہ چار دوا ساز فیکٹریوں نے ادویات کی تیاری کے بین الاقوامی معیارات کے مطابق سرٹیفکیشن بھی حاصل کرلی ہے۔ یہ دعوے ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب افغانستان پاکستانی ادویات پر انحصار کم کرنے اور مقامی پیداوار بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ پاکستان کی مجموعی دوا ساز برآمدات میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

افغان وزارت صحت کے حکام نے یہ دعوے کابل میں دوسری قومی و بین الاقوامی صحت نمائش کے موقع پر کیے، جہاں مقامی اور غیر ملکی دوا ساز کمپنیوں، طبی آلات فراہم کرنے والے اداروں، اسپتالوں اور صحت کی خدمات سے وابستہ اداروں نے تقریباً 300 اسٹالز لگائے ہیں۔

پاکستان کے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران ملک کی مجموعی دوا ساز برآمدات 45 کروڑ 74 لاکھ ڈالر سے کم ہوکر 31 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہ گئیں، جو تقریباً 30 فیصد کمی ہے۔ اس سے قبل مالی سال 2024-25 میں افغانستان کو تقریباً 15 کروڑ 57 لاکھ ڈالر کی پاکستانی ادویات برآمد کی گئی تھیں، جو مجموعی دوا ساز برآمدات کا تقریباً 34 فیصد تھیں۔ تاہم مجموعی برآمدات میں آنے والی کمی کو صرف افغانستان کی پابندیوں سے منسوب نہیں کیا جاسکتا۔

افغان وزارت صحت کے ترجمان شرافت زمان کے مطابق ایک حالیہ سروے سے معلوم ہوا ہے کہ افغانستان میں پہلے درآمد کی جانے والی تقریباً 21 فیصد ادویات اب مقامی سطح پر تیار کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اسے ادویات کی پیداوار میں خودکفالت حاصل کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔

افغانستان نے نومبر 2025 میں پاکستانی ادویات کی درآمد بند کرنے کے لیے تاجروں کو تین ماہ کی مہلت دینے کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت فروری 2026 سے پابندیوں کا نفاذ ہونا تھا۔ افغان حکام نے اس فیصلے کی وجہ ادویات کے معیار سے متعلق خدشات اور درآمدی ذرائع میں تنوع پیدا کرنے کی ضرورت بتائی تھی، تاہم پاکستانی ادویات کے معیار سے متعلق ان الزامات کی تائید میں تقابلی لیبارٹری نتائج عوام کے سامنے پیش نہیں کیے گئے۔

نمائش سے خطاب کرتے ہوئے شرافت زمان نے دعویٰ کیا کہ افغانستان کی چار دوا ساز فیکٹریوں نے گڈ مینوفیکچرنگ پریکٹس (جی ایم پی) سرٹیفکیشن حاصل کرلی ہے جبکہ مزید چھ سے نو فیکٹریاں مطلوبہ معیارات پر پورا اترنے کی تیاری کر رہی ہیں۔

ان کے مطابق اس سے قبل افغانستان کی کسی دوا ساز فیکٹری کے پاس یہ سرٹیفکیشن موجود نہیں تھی۔ انہوں نے اسے ملک کی ابھرتی ہوئی دوا سازی کی صنعت کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا۔

جی ایم پی سرٹیفکیشن سے ظاہر ہوتا ہے کہ متعلقہ فیکٹری ادویات کی تیاری اور کوالٹی کنٹرول کے مقررہ معیارات پر عمل کرتی ہے، تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ فیکٹری میں تیار ہونے والی ہر دوا کو بین الاقوامی ریگولیٹری اداروں سے الگ منظوری بھی حاصل ہوچکی ہے۔

افغان حکام کا کہنا تھا کہ حکومت مقامی سطح پر ادویات کی تیاری بڑھانے، غیر ملکی کمپنیوں پر انحصار کم کرنے، ادویات کی مسلسل دستیابی یقینی بنانے اور صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

افغانستان کے نائب وزیر برائے خوراک و ادویات مولوی حمداللہ زاہد نے خبردار کیا کہ ادویات اور طبی مصنوعات کی درآمد سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ افغانستان نے ادویات اور طبی مصنوعات کے شعبے میں ازبکستان اور ایران کے ساتھ تعاون کے معاہدے کیے ہیں جبکہ قازقستان، بیلاروس، روس اور ترکیہ کے ساتھ بھی اسی نوعیت کے معاہدے کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

افغان حکام کے مطابق ان معاہدوں کا مقصد ادویات کی درآمد کے لیے متبادل ممالک تلاش کرنا، ادویات کے معیار کی نگرانی میں تعاون بڑھانا اور سرمایہ کاری و جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

افغان وزیر اقتصادیات قاری دین محمد حنیف نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران افغانستان میں تشخیصی سہولتوں، ادویات کے معیار اور علاج معالجے کی خدمات میں بہتری آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں صحت کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے سے افغان مریضوں کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی ضرورت کم ہوگی اور اس سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت بھی ممکن ہوسکے گی۔

نمائش میں دوا ساز صنعت کے نمائندے احمداللہ امرخیل نے دوا ساز کمپنیوں کے لیے 1300 جریب زمین مختص کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے مقامی دوا سازی کی صنعت میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور مزید فیکٹریاں قائم کرنے میں مدد ملے گی۔

افغان حکام کے مطابق حکومت دوا ساز کمپنیوں کے لیے صنعتی سہولتیں فراہم کرنے اور سرمایہ کاروں کو مقامی سطح پر ادویات کی پیداوار بڑھانے کی ترغیب دینے کے لیے کام کر رہی ہے۔

کابل میں منعقدہ صحت نمائش میں مقامی اور بین الاقوامی دوا ساز کمپنیوں، ادویات درآمد کرنے والے تاجروں، طبی آلات فراہم کرنے والے اداروں، خصوصی اسپتالوں اور صحت کے دیگر اداروں نے شرکت کی۔

افغان وزارت صحت کے مطابق نمائش کا مقصد مقامی ادویات کو فروغ دینا، جدید طبی آلات اور صحت کی سہولتوں کو متعارف کرانا اور ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے درمیان کاروباری تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

افغان ہلال احمر کے سربراہ شیخ شہاب الدین دلاور نے ادویات درآمد کرنے والے تاجروں پر زور دیا کہ وہ بیرون ملک سے ادویات خریدتے وقت معیار اور مریضوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔

نائب وزیر برائے مالیات و انتظامیہ قاری عبدالولی صدیقی نے بتایا کہ سرکاری اسپتالوں میں تشخیصی سہولتیں بہتر بنانے کے لیے جدید طبی آلات خریدے جا رہے ہیں۔

اسی طرح نائب وزیر برائے صحت کی خدمات مولوی عبدالولی حقانی نے کہا کہ عوام کو بروقت، سستا اور معیاری علاج فراہم کرنا سرکاری اور نجی شعبے کے تمام طبی اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

افغان حکام کا دعویٰ ہے کہ مقامی ادویات کی پیداوار میں اضافہ، دوا ساز فیکٹریوں کے معیار میں بہتری اور مختلف ممالک کے ساتھ نئے معاہدوں کے نتیجے میں افغانستان کا درآمدی ادویات پر انحصار بتدریج کم ہوگا۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں