کراچی: کراچی میں کتے کے کاٹنے سے پھیلنے والی مہلک بیماری ریبیز نے ایک اور کمسن جان لے لی۔ انڈس اسپتال کراچی میں ریبیز سے متاثرہ 5 سالہ بچی انتقال کرگئی، جس کے بعد رواں سال کراچی کے دو بڑے اسپتالوں میں ریبیز سے ہونے والی اموات کی تعداد 42 ہوگئی ہے۔ ان میں جناح اسپتال میں 12 جبکہ انڈس اسپتال میں 30 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔
ترجمان انڈس اسپتال کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی کا تعلق کراچی کی فقیرہ گوٹھ، نیو سبزی منڈی کے علاقے سے تھا۔ بچی کو تقریباً تین ماہ قبل ایک آوارہ کتے نے چہرے اور سینے پر کاٹا تھا، تاہم بروقت اور مؤثر طبی علاج نہ ملنے کے باعث اس کی جان نہ بچائی جاسکی۔
بچی کے لواحقین کے مطابق کتے کے کاٹنے کے بعد اسے علاج کے لیے ایک نجی کلینک لے جایا گیا تھا۔ ابتدائی طبی امداد کے دوران زخموں کی مناسب صفائی نہ کیے جانے کی نشاندہی ہوئی۔ بچی کو نہ تو ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی اور نہ ہی مزید علاج کے لیے کسی بڑے اسپتال منتقل یا ریفر کیا گیا۔
طبیعت خراب ہونے اور ریبیز کی علامات ظاہر ہونے کے بعد بچی کو 15 نومبر کو انڈس اسپتال کراچی میں داخل کرایا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہوسکی۔
آفتاب گوہر، ٹیکنیکل لیڈ ریبیز پریوینشن، مینجمنٹ اینڈ ٹریننگ سروسز، انڈس اسپتال کراچی کے مطابق رواں سال جنوری سے اب تک انڈس اسپتال میں کتے کے کاٹنے کے 16 ہزار سے زائد نئے مریض لائے جاچکے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر یہ تعداد تقریباً 17 ہزار بتائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال انڈس اسپتال میں کتے کے کاٹنے کے نتیجے میں ریبیز سے مرنے والوں کی تعداد 30 ہوگئی ہے۔
آفتاب گوہر کے مطابق بچی کی موت کی اطلاع محکمہ صحت سندھ اور چیف سیکریٹری آفس کو بھی دے دی گئی ہے۔
سرکاری اسپتالوں سے ملنے والے اعدادوشمار کے مطابق کراچی میں رواں سال کتے کے کاٹنے کے تقریباً 50 ہزار واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں، جبکہ سندھ بھر میں یہ تعداد ڈھائی لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات اور ریبیز سے ہونے والی اموات نے شہر میں آوارہ کتوں کی روک تھام اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی پر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق ریبیز ایک مہلک مگر قابلِ بچاؤ بیماری ہے۔ کتے یا کسی مشتبہ جانور کے کاٹنے یا خراش آنے کی صورت میں زخم کو فوری طور پر صابن اور بہتے پانی سے کم از کم 15 منٹ تک دھونا اور بلا تاخیر اسپتال پہنچنا ضروری ہے۔ ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین اور ضرورت کے مطابق ریبیز امیونوگلوبیولن (RIG) لگوانا بھی انتہائی اہم ہے۔ علامات ظاہر ہونے کے بعد یہ بیماری عموماً جان لیوا ثابت ہوتی ہے۔