کراچی: ماہرین صحت نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دن رات خون میں شوگر کی سطح کی مسلسل نگرانی سے ذیابیطس پر بہتر طور پر قابو پایا جاسکتا ہے کیونکہ اس کی مدد سے مریض یہ جان سکتے ہیں کہ کون سی غذائیں اور روزمرہ عادات ان کی شوگر بڑھانے کا سبب بن رہی ہیں۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں ہر چوتھا شخص ذیابیطس کا شکار ہے یا اسے ذیابیطس ہونے والی ہے جبکہ بروقت تشخیص اور مناسب علاج نہ ہونے سے دل، گردوں، آنکھوں اور دیگر اعضا کی سنگین بیماریوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
میمن میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اسپتال کے زیر اہتمام ذیابیطس سے آگاہی کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین نے کہا کہ کنٹینیوئس گلوکوز مانیٹرنگ (سی جی ایم) کی جدید ٹیکنالوجی سے شوگر کے مریضوں کے ساتھ ایسے افراد کو بھی فائدہ ہوسکتا ہے جن کی شوگر معمول سے زیادہ ہے لیکن وہ ابھی ذیابیطس کے مریض نہیں بنے۔
ماہرین کے مطابق عام طور پر انگلی سے خون کا قطرہ لے کر شوگر چیک کرنے سے صرف اسی وقت کی شوگر معلوم ہوتی ہے جبکہ سی جی ایم ٹیکنالوجی میں جلد کے نیچے ایک چھوٹا سا سینسر لگایا جاتا ہے جو دن رات جسم میں گلوکوز کی سطح میں ہونے والی تبدیلیوں کی نگرانی کرتا ہے۔
اس سینسر کی مدد سے موبائل فون یا مخصوص آلے پر دیکھا جاسکتا ہے کہ شوگر کب بڑھ رہی ہے، کب کم ہورہی ہے اور کب معمول کے مطابق ہے۔ کئی جدید سینسرز شوگر خطرناک حد تک بڑھنے یا کم ہونے پر مریض کو خبردار بھی کرتے ہیں۔
میمن میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اسپتال کے شعبہ ذیابیطس اور ہارمونز کے سربراہ ڈاکٹر ندیم نعیم نے کہا کہ سی جی ایم ٹیکنالوجی ذیابیطس کے علاج میں اہم کردار ادا کررہی ہے کیونکہ اس سے مریضوں کو معلوم ہوجاتا ہے کہ میٹھے مشروبات، چاول، روٹی اور دیگر غذائیں کھانے کے بعد ان کی شوگر کتنی بڑھتی ہے اور پیدل چلنے یا ورزش کرنے سے اس میں کتنی کمی آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب مریض اپنی آنکھوں سے دیکھتے ہیں کہ کون سی غذا یا عادت ان کی شوگر بڑھا رہی ہے تو وہ اپنی خوراک، ورزش اور روزمرہ معمولات میں تبدیلی کرکے شوگر کو بہتر انداز میں کنٹرول کرسکتے ہیں۔
ڈاکٹر ندیم نعیم کے مطابق سی جی ایم سینسرز کھانے کے بعد شوگر بڑھنے اور رات کو سوتے وقت شوگر خطرناک حد تک کم ہونے کی نشاندہی بھی کرتے ہیں جس سے معالجین کو ادویات، انسولین کی مقدار اور مریض کی غذا میں مناسب تبدیلی کرنے میں مدد ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف تین ماہ کی اوسط شوگر یعنی ایچ بی اے ون سی (HbA1c) کو کنٹرول کرنا کافی نہیں کیونکہ اس ٹیسٹ سے دن بھر شوگر میں ہونے والے اچانک اتار چڑھاؤ کا پتا نہیں چلتا۔ سی جی ایم ٹیکنالوجی سے یہ بھی معلوم کیا جاسکتا ہے کہ مریض کی شوگر دن کے کتنے حصے میں مطلوبہ حد کے اندر رہتی ہے۔
ان کے مطابق بعض مریضوں میں روایتی طریقے سے شوگر چیک کرنے کے مقابلے میں جدید سینسرز کے استعمال سے ایچ بی اے ون سی میں تقریباً ڈیڑھ فیصد پوائنٹ تک بہتری دیکھی گئی ہے۔ شوگر پر بہتر قابو، مناسب ادویات اور صحت مند طرز زندگی سے دل کے دورے، فالج، گردوں کی خرابی، بینائی متاثر ہونے اور پاؤں کے زخموں جیسی پیچیدگیوں کے خطرات کم کیے جاسکتے ہیں۔
ڈاکٹر ندیم نعیم نے کہا کہ پری ڈائیبیٹیز کے شکار افراد بھی سی جی ایم سے اپنی غذاؤں اور روزمرہ عادات کے اثرات سمجھ سکتے ہیں اور صحت مند طرز زندگی اپنا کر ذیابیطس سے بچاؤ کی کوشش کرسکتے ہیں، تاہم ایسے تمام افراد کے لیے اس ٹیکنالوجی کا معمول کے مطابق استعمال ابھی علاج کا لازمی حصہ نہیں ہے۔
انہوں نے بچوں میں غیر صحت مند غذاؤں کے بڑھتے استعمال، بے وقت سونے اور جاگنے اور جسمانی سرگرمیوں میں کمی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان عادات کے باعث کم عمری میں موٹاپا اور دیگر بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔
میمن میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بریگیڈیئر ڈاکٹر ملک وقاص احمد اعوان نے کہا کہ پاکستان میں ذیابیطس اب صرف ایک فرد کی بیماری نہیں رہی بلکہ ایک بڑا سماجی اور معاشی مسئلہ بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر چوتھا شخص ذیابیطس یا پری ڈائیبیٹیز کا شکار ہے اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے صرف ڈاکٹروں اور اسپتالوں کی کوششیں کافی نہیں بلکہ پورے معاشرے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ڈاکٹر ملک وقاص اعوان کے مطابق اسپتالوں کی او پی ڈیز میں مریضوں کی بڑھتی تعداد سے اندازہ ہوتا ہے کہ لوگوں میں آگاہی بڑھ رہی ہے لیکن اب بھی بہت سے افراد اپنی بیماری سے لاعلم ہیں اور اس وقت اسپتال پہنچتے ہیں جب ذیابیطس کے باعث ان کے دل، گردے یا آنکھیں متاثر ہوچکی ہوتی ہیں۔
انہوں نے ذیابیطس کی بروقت تشخیص، عوامی آگاہی اور سی جی ایم سمیت جدید طبی سہولتوں تک رسائی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
آغا خان یونیورسٹی اسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر قمر مسعود نے بچوں اور نوجوانوں میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کے بڑھتے رجحان پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ غیر صحت مند غذا، جسمانی سرگرمیوں کی کمی اور موبائل فون کا ضرورت سے زیادہ استعمال بچوں کی صحت کو بری طرح متاثر کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن فاسٹ فوڈ منگوانے، رات دیر تک جاگنے اور میدانوں میں کھیلنے کے بجائے موبائل گیمز کھیلنے کی عادت سے بچوں میں موٹاپا، جگر پر چربی چڑھنے، نیند کے دوران سانس رکنے اور ٹائپ ٹو ذیابیطس جیسی بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔
ڈاکٹر قمر مسعود نے خبردار کیا کہ اگر بچوں کی غذائی عادات بہتر نہ بنائی گئیں اور انہیں کھیل کود، ورزش اور مناسب نیند کی طرف راغب نہ کیا گیا تو آنے والے برسوں میں ذیابیطس اور دیگر غیر متعدی بیماریوں کے مریضوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
میمن میڈیکل انسٹی ٹیوٹ آؤٹ ریچ کے کنسلٹنٹ فزیشن ڈاکٹر ایم ابراہیم نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ روزانہ 30 سے 45 منٹ پیدل چلیں، میٹھی اور چکنائی والی غذاؤں کا استعمال کم کریں اور ذیابیطس کے خطرے کا اندازہ لگانے کے لیے بروقت طبی معائنہ کروائیں۔
انہوں نے کہا کہ موٹاپے، خاندان میں ذیابیطس کی موجودگی یا دیگر خطرات کا سامنا کرنے والے افراد کو علامات ظاہر ہونے کا انتظار کرنے کے بجائے اپنا طبی معائنہ کروانا چاہیے۔
میمن میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کی کنسلٹنٹ انٹرنل میڈیسن ڈاکٹر ثنا جبین نے کہا کہ بہت سے مریض مسلسل کمزوری، پیروں میں جلن اور زخم دیر سے بھرنے جیسی علامات کو نظرانداز کرتے رہتے ہیں اور شوگر کا ٹیسٹ نہیں کرواتے۔
انہوں نے بتایا کہ ایسے بعض مریضوں کے ٹیسٹ کروانے پر ان کا ایچ بی اے ون سی سات سے نو فیصد تک سامنے آتا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی شوگر پہلے ہی معمول سے زیادہ ہے اور انہیں علاج کی ضرورت ہے۔
ماہرین نے کہا کہ سی جی ایم ٹیکنالوجی ذیابیطس کے علاج میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے لیکن یہ سینسر خود شوگر کم نہیں کرتا بلکہ اس سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر مریض اپنی غذا، ورزش اور ادویات کے استعمال میں معالج کے مشورے سے تبدیلی کرسکتے ہیں۔
سیمینار کے شرکا نے ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے بوجھ پر قابو پانے کے لیے بروقت تشخیص، متوازن غذا، روزانہ ورزش، عوامی آگاہی اور جدید علاج و نگرانی کی سہولتوں تک رسائی یقینی بنانے پر زور دیا۔