کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے پوائنٹ آف سیل سسٹم (پی او ایس) اور ڈاکٹروں کے خلاف مبینہ غیر منصفانہ مقدمات کے اندراج کے خلاف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کی اپیل پر کراچی سمیت ملک بھر میں نجی کلینکس اور آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹس (او پی ڈیز) کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے۔ پی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں احتجاج کا آج دوسرا روز ہے، جبکہ احتجاج کے باعث معمول کی طبی سہولیات متاثر ہو رہی ہیں۔
پی ایم اے کراچی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شاہد ابراہیم نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈاکٹروں کے خلاف غیر منصفانہ ایف آئی آر درج کی گئی ہیں اور طبی شعبے سے وابستہ افراد کو بلاجواز ہراساں کیا جا رہا ہے۔
صدر پی ایم اے کراچی ڈاکٹر محمد اسماعیل میمن کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کے پوائنٹ آف سیل سسٹم کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج کے باوجود تمام نجی کلینکس میں ہنگامی طبی خدمات معمول کے مطابق جاری ہیں۔
ڈاکٹر محمد اسماعیل میمن نے خبردار کیا کہ اگر ڈاکٹروں کا بنیادی مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو پی ایم اے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔