اسکول وینز میں سی این جی، ایل پی جی سلنڈرز اور اوورلوڈنگ پر پابندی عائد

کراچی: سندھ بھر کے نجی اسکولوں کو طلبہ کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی، اسکول وینز میں سی این جی، ایل پی جی سلنڈرز، غیر محفوظ طریقے سے پیٹرول کی فراہمی اور مقررہ گنجائش سے زائد بچوں کو بٹھانے پر سخت پابندی عائد کردی گئی۔

وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی ہدایات پر ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے تمام نجی تعلیمی اداروں کو حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کا حکم دیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق بعض اسکول وینز میں سی این جی اور ایل پی جی سلنڈرز نصب ہونے کے علاوہ بوتلوں اور کین کے ذریعے براہ راست انجن کو پیٹرول فراہم کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جو طلبہ کی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

ہدایت نامے کے مطابق اسکول وینز میں مقررہ نشستوں سے زائد بچوں کو بٹھانے، فٹ بورڈ پر کھڑا کرکے یا گاڑی سے لٹکا کر سفر کرانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

طلبہ کی آمدورفت کے لیے استعمال ہونے والی تمام گاڑیوں کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کا مؤثر فٹنس سرٹیفکیٹ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، سرٹیفکیٹ کی نقل گاڑی میں موجود ہونا ضروری ہے۔

ڈائریکٹوریٹ نے واضح کیا ہے کہ یہ پابندیاں اسکول انتظامیہ اور والدین کی جانب سے فراہم کردہ دونوں طرح کی گاڑیوں پر لاگو ہوں گی، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ اسکول انتظامیہ کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

محکمہ تعلیم کے مطابق طلبہ کی جان و سلامتی اور محفوظ تعلیمی ماحول کا تحفظ اولین ترجیح ہے، حفاظتی ہدایات پر عمل درآمد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں