کراچی: سندھ انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن ٹیسٹنگ سروسز نے 20 ستمبر 2026 کو منعقد ہونے والے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT) 2026 کے پروویژنل نتائج جاری کردیے۔
سکھر آئی بی اے کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا امتحان 20 ستمبر کو سندھ اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت 9 ٹیسٹ سینٹرز میں منعقد کیا گیا۔ امتحانی مراکز کراچی، حیدرآباد، جامشورو، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد، لاڑکانہ، سکھر اور اسلام آباد میں قائم کیے گئے تھے۔
سیبا ٹیسٹنگ سروس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق میرٹ اور شفافیت کے عزم کے تحت مجموعی پروویژنل نتیجہ ٹاپ سے باٹم تک ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا گیا ہے، جبکہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے مقررہ کم از کم پاسنگ معیار پر پورا اترنے والے امیدواروں کی فہرست بھی جاری کردی گئی ہے۔
پی ایم ڈی سی کے مقررہ معیار کے مطابق میڈیکل کالج میں داخلے کے لیے 55 فیصد جبکہ ڈینٹل کالج میں داخلے کے لیے 50 فیصد نمبرز حاصل کرنا ضروری ہیں۔
سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے سربراہ پروفیسر آصف احمد شیخ نے پروویژنل نتائج کے اجرا کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 50 یا 55 فیصد نمبرز حاصل کرنے والے تمام امیدوار مبارکباد کے مستحق ہیں۔
پروفیسر آصف احمد شیخ کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے ایم سی کیوز پی ایم ڈی سی کے ڈیٹا بینک سے حاصل کیے گئے تھے اور سوالات کے انتخاب میں انتہائی احتیاط برتی گئی۔ مجموعی طور پر 180 ایم سی کیوز پر مشتمل سوالنامہ تیار کیا گیا اور امتحان کے لیے چار مختلف ورژنز کے پیپرز بنائے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپرز کو سیل کرنے کے بعد امتحانی مراکز تک پہنچایا گیا، جبکہ امتحان سے قبل جوابات کا کوئی تصور نہیں تھا۔ امتحان مکمل ہونے کے بعد آنسر کیز پر کام کیا گیا اور جوابات کو تین سے چار مرتبہ متعلقہ کتابوں اور سلیبس سے چیک کیا گیا۔
پروفیسر آصف احمد شیخ کے مطابق امتحان کی رات ہی جوابات ویب سائٹ پر جاری کردیے گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ بعض والدین کی جانب سے شدید گرمی میں ٹیسٹ کے انعقاد پر اعتراضات بھی سامنے آئے، تاہم میڈیکل کی تعلیم کا ریگولیٹر پی ایم ڈی سی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایس ٹی ایس اس سے قبل بھی دو ٹیسٹ منعقد کرچکی ہے اور دونوں مرتبہ پرچہ لیک نہیں ہونے دیا گیا۔
پروفیسر آصف احمد شیخ نے مزید کہا کہ سوالنامہ امیدواروں کو واپس نہ دینے کا فیصلہ پی ایم ڈی سی کی جانب سے کیا گیا تھا۔
سیبا ٹیسٹنگ سروس کے اعلامیے کے مطابق اگر کسی امیدوار کو اپنے پروویژنل نتیجے میں کسی قسم کی غلطی یا تضاد محسوس ہوتا ہے تو وہ 26 ستمبر 2026 بروز ہفتہ شام 5 بجے تک ای میل کے ذریعے شکایت درج کراسکتا ہے۔
امیدواروں کو شکایت sts@iba-suk.edu.pk پر بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ای میل کے سبجیکٹ میں "Result Grievances-MDCAT-2026” لکھنا ہوگا۔
ایس ٹی ایس کے مطابق مقررہ وقت کے بعد موصول ہونے والی شکایات قابلِ سماعت نہیں ہوں گی، جبکہ متعلقہ اور درست شکایات کی جانچ کے بعد امیدواروں کو ای میل کے ذریعے جواب دیا جائے گا۔
ایم ڈی کیٹ کا پروویژنل نتیجہ سیبا ٹیسٹنگ سروس کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے، جبکہ اعتراضات کے جائزے کے بعد فائنل نتیجہ 27 ستمبر 2026 کو جاری کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔