14 ستمبر سے عمرہ زائرین کے لیے نادرا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی، ٹریول ایجنسیوں کے تحفظات کا اظہار

کراچی: ایئرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان نے بین الاقوامی مسافروں، بالخصوص حج و عمرہ زائرین کے لیے نادرا انٹیگریٹڈ، پولیو، میننجائٹس، یلو فیور اور انفلوئنزا ویکسینیشن سے متعلق نئی ہدایات جاری کردیں۔

14 ستمبر سے عمرہ زائرین کے لیے نادرا انٹیگریٹڈ ویکسینیشن پروف لازمی قرار دے دیا گیا، ایئرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے واضح کیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد کسی دوسرے ویکسینیشن کارڈ کو قبول نہیں کیا جائے گا، تاہم ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن نے نئی شرط پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض ویکسینز سفر سے کئی روز قبل لگوانا ضروری ہوتی ہیں، جبکہ متعلقہ ویکسینز کی دستیابی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔

ایئرپورٹ ہیلتھ آفیسر کراچی ڈاکٹر سارا سعید کی جانب سے 7 ستمبر کو پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر کو جاری مراسلے کے مطابق وفاقی وزیر صحت کی ہدایات پر انٹرنیشنل ٹریولرز کی ویکسینیشن کے لیے فیڈرل گورنمنٹ سول ڈسپنسری کو واحد مجاز مرکز قرار دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہدایات جاری ہونے کے 7 روز بعد یعنی 14 ستمبر 2026 سے نادرا انٹیگریٹڈ ویکسینیشن پروف کے بغیر کسی مسافر کو سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
ایئرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے تمام ایئرلائنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ٹریول ایجنٹس کو آگاہ کریں کہ آئندہ صرف نادرا انٹیگریٹڈ ویکسینیشن پروف ہی سفر کے لیے قابل قبول ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں عمرہ زائرین کو سفر سے قبل مجاز ویکسینیشن سینٹر سے نادرا انٹیگریٹڈ ڈیجیٹلائزڈ ویکسینیشن کارڈ حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق انٹرنیشنل ڈیپارچر پر آئندہ چند روز میں ویکسینیشن اور آن لائن اندراج کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، تاہم جو مسافر ایئرپورٹ پر ویکسین لگوانا چاہیں انہیں پرواز سے 6 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنا ہوگا۔ ویکسینیشن کی ادائیگی ای سہولت نادرا پلیٹ فارم کے ذریعے کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ 14 ستمبر کے بعد کسی دوسرے ویکسینیشن کارڈ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ٹی اے اے پی) نے حکومت سے نئی شرط کے فوری نفاذ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے عمل درآمد مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ٹی اے اے پی کے چیئرمین محمد نعیم شریف نے وزارت صحت کو خط میں کہا ہے کہ نوٹیفکیشن میں یہ واضح نہیں کہ شرط صرف حج و عمرہ زائرین کے لیے ہے یا تمام بین الاقوامی مسافروں پر لاگو ہوگی۔
ٹی اے اے پی کے مطابق بعض ویکسینز سفر سے 6 سے 7 روز قبل لگوانا ضروری ہوتی ہیں اور کچھ متعدد خوراکوں پر مشتمل ہوتی ہیں، اس لیے انہیں سفر کے روز ایئرپورٹ پر لگانا ممکن نہیں۔ ایسوسی ایشن نے ویکسینز کی مارکیٹ میں عدم دستیابی، ایک وقت میں متعدد ویکسینز لگانے سے مسافروں کو ممکنہ جسمانی تکلیف اور ایئرپورٹس پر افراتفری کے خدشات بھی ظاہر کیے ہیں۔
ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 14 ستمبر سے عمل درآمد مؤخر کیا جائے، ویکسینز کی دستیابی یقینی بنائی جائے، مجاز مراکز کی تعداد بڑھائی جائے اور ٹریول ایجنٹس و ایئرلائنز سمیت اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد واضح ایس او پی جاری کیا جائے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں