جمعرات، جمعہ مزید شدید بارشیں، جڑواں شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے جمعرات اور جمعہ کو اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مزید شدید سے انتہائی شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارشوں سے جڑواں شہروں کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ ہوسکتی ہے۔

نیشنل ویدر فورکاسٹنگ سینٹر کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی بالائی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے، جس کے باعث 4 اور 5 ستمبر کو بارشوں کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ان دونوں روز شدید سے انتہائی شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ ہوسکتی ہے جبکہ پشاور، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں بھی شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد اور قصور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں 3 سے 5 ستمبر کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ بعض مقامات پر شدید اور کہیں انتہائی شدید بارش ہوسکتی ہے۔

شدید بارشوں کے باعث دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مالاکنڈ، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ گلگت بلتستان، کشمیر اور مری کے بعض علاقوں میں بھی فلیش فلڈنگ ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بند ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 3 سے 6 ستمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر شدید سے انتہائی شدید بارش متوقع ہے۔ کشمیر میں بھی اسی عرصے کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر شدید بارش جبکہ گلگت بلتستان میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو محتاط رہنے، کسانوں کو موسمی صورتحال کے مطابق اپنی سرگرمیاں ترتیب دینے اور متعلقہ اداروں کو کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے اور ضروری احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے-

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں