کراچی: سندھ میں جان لیوا بیماری ریبیز کے باعث مزید ایک شخص انتقال کرگیا، جس کے بعد رواں برس ریبیز سے ہونے والی اموات کی تعداد 14 تک پہنچ گئی ہے۔
جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (JPMC) کی انتظامیہ کے مطابق 45 سالہ جی ایچ مدنی کو لاڑکانہ سے تشویشناک حالت میں کراچی منتقل کیا گیا تھا۔ متوفی کو دو ماہ قبل لاڑکانہ میں کتے نے ہاتھ کی انگلی پر کاٹا تھا، تاہم متاثرہ شخص کو اینٹی ریبیز ویکسین نہیں لگائی گئی۔
جناح اسپتال انتظامیہ کے مطابق مریض میں بخار، ہائیڈرو فوبیا (پانی سے خوف) سمیت ریبیز کی دیگر علامات ظاہر ہوئیں، جس کے بعد اسے طبی نگہداشت میں رکھا گیا تاہم جانبر نہ ہوسکا۔
اسپتال حکام کے مطابق جناح اسپتال میں رواں سال ریبیز کے 5 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ انڈس اسپتال میں 9 کیسز سامنے آئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں رواں سال کتوں کے کاٹنے کے 25 ہزار سے زائد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ سندھ بھر میں کتے کے کاٹنے کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی جانور کے کاٹنے کی صورت میں فوری طور پر اسپتال پہنچیں اور اینٹی ریبیز ویکسین کا کورس مکمل کریں، کیونکہ علامات ظاہر ہونے کے بعد ریبیز ایک مہلک بیماری ثابت ہو سکتی ہے۔