کوئٹہ میں خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کا معاملہ، بلوچستان حکومت کا خاتون ڈاکٹر کے اخراجات اٹھانے کا اعلان، نجی اسپتال کو مراسلہ لکھ دیا

کوئٹہ میں خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعے کے بعد بلوچستان حکومت نے متاثرہ ڈاکٹر کے علاج کے لیے فوری اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

محکمہ صحت بلوچستان نے کراچی کے پٹیل اسپتال کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے متاثرہ خاتون ڈاکٹر ڈاکٹر ماہ نور کے علاج کو سرکاری خرچ پر جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ مراسلے کے مطابق ڈاکٹر ماہ نور کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔

محکمہ صحت بلوچستان نے علاج کے تمام اخراجات ادا کرنے کی منظوری دے دی ہے اور اسپتال انتظامیہ سے علاج کے تخمینہ شدہ اخراجات بھی طلب کر لیے ہیں تاکہ فنڈز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

دوسری جانب اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون ڈاکٹر کے علاج کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ بلوچستان حکومت کی جانب سے علاج کے اخراجات سے متعلق مراسلہ بھی موصول ہو چکا ہے۔

محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق تیزاب گردی متاثرہ خاتون ڈاکٹر کے علاج کی نگرانی براہ راست کی جائے گی تاکہ انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں