سول اسپتال مٹھی میں رواں سال 315 نومولود جاں بحق ہوئے، محکمہ صحت کا اعتراف

کراچی: سول اسپتال مٹھی کے نوزائیدہ بچوں کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں رواں سال یکم جنوری سے اب تک 315 نومولود جاں بحق ہوئے، اسپتال انتظامیہ نے سرکاری اعدادوشمار جاری کردیے۔

انتظامیہ نے یہ اعدادوشمار ان میڈیا رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے جاری کیے جن میں آٹھ ماہ کے دوران 480 نومولود بچوں کی اموات کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

اسپتال کے تصدیق شدہ ریکارڈ کے مطابق یکم جنوری 2026 سے اب تک این آئی سی یو میں مجموعی طور پر 3,535 نومولود داخل کیے گئے۔

ان میں سے 2,819 بچوں کو صحت یابی کے بعد اسپتال سے فارغ کیا گیا، جبکہ 328 شدید بیمار بچوں کو مزید علاج کے لیے بہتر سہولتوں کے حامل طبی مراکز منتقل کیا گیا۔

اعدادوشمار کے مطابق 73 نومولود بچوں کو ان کے والدین طبی مشورے کے برخلاف اسپتال سے لے گئے، جبکہ مجموعی طور پر 315 بچوں کی اموات ریکارڈ کی گئیں۔ یہ تعداد این آئی سی یو میں داخل بچوں کا تقریباً نو فیصد بنتی ہے۔

اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے بچوں میں سے 250 کا تعلق تھرپارکر سے تھا، جبکہ 65 بچے میرپورخاص، بدین، عمرکوٹ اور دیگر اضلاع سے سول اسپتال مٹھی منتقل کیے گئے تھے۔

انتظامیہ کے مطابق دوسرے اضلاع سے منتقل کیے جانے والے کئی نومولود انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچے اور انہیں سنگین طبی پیچیدگیوں کا سامنا تھا۔

اسپتال کی جانب سے اموات کی وجوہات کی علیحدہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں اور یہ نہیں بتایا گیا کہ کتنے بچے قبل از وقت پیدائش، پیدائش کے دوران دم گھٹنے، انفیکشن، نمونیا، کم پیدائشی وزن یا پیدائشی نقائص کے باعث جاں بحق ہوئے۔

انتظامیہ نے کہا کہ 480 اموات کے اعدادوشمار سول اسپتال مٹھی کے کسی عہدیدار نے جاری نہیں کیے اور یہ تعداد اسپتال کے سرکاری ریکارڈ سے مطابقت نہیں رکھتی۔

اسپتال انتظامیہ نے میڈیا اداروں سے کہا ہے کہ صحت سے متعلق اعدادوشمار شائع کرنے سے قبل متعلقہ طبی حکام سے ان کی تصدیق کی جائے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں