کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ تیسرے نیشنل ہیلتھ ایوارڈز کی تقریب پی ایف میوزیم میں منعقد ہوئی، صحت کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات اور اداروں کو ایوارڈز اور شیلڈز سے نوازا گیا۔
تقریب میں ہیلتھ جرنلزم کے شعبے میں نمایاں کارکردگی پر سماء ٹی وی کے صحت و تعلیم کے رپورٹر حامد الرحمٰن کو ’’آؤٹ اسٹینڈنگ ہیلتھ جرنلسٹ‘‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا، جبکہ اے آر وائی نیوز کے سینئر ہیلتھ رپورٹر محمد انور خان کو بھی ہیلتھ جرنلزم کے شعبے میں ایوارڈ دیا گیا۔
نیشنل ہیلتھ ایوارڈز کی تقریب میں صحت، تحقیق، عوامی صحت، ہسپتالوں کی قیادت اور ہیلتھ ٹیکنالوجی کے شعبوں سے وابستہ ملکی و غیر ملکی ماہرین اور ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں کمیونٹی ہیلتھ ایوارڈ جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں پیشنٹس ایڈ فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر طارق محمود اور سینا ہیلتھ کیئر سسٹمز کے چیئرمین و بانی ڈاکٹر آصف امام کو دیا گیا۔
لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سید جمال رضا، ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری کے سی ای او پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ عبداللہ، ڈاؤ یونیورسٹی کے پروفیسر ایمریٹس ڈاکٹر مسعود حمید خان اور پاکستان میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کے بانی مرحوم پروفیسر ڈاکٹر طاہر شمسی کو بعد از مرگ دیا گیا۔
ہسپتال لیڈرشپ کے شعبے میں آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر فرحت عباس کو آؤٹ اسٹینڈنگ ہسپتال سی ای او جبکہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے سی ای او ڈاکٹر عبیداللہ کو بہترین پبلک ہیلتھ ریفارمر کا ایوارڈ دیا گیا۔
نیشنل ہیلتھ ایوارڈز کا مقصد صحت کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ماہرین، اداروں اور صحافیوں کی خدمات کو سراہنا اور پاکستان میں صحت عامہ، آگاہی، تحقیق اور طبی سہولیات کے فروغ کے لیے کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔