کراچی میں آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد شہریوں کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے، رواں سال جان لیوا بیماری ریبیز کا ایک اور کیس سامنے آگیا.
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس اب تک ریبیز کے 10 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
ڈاکٹر عرفان صدیقی کے مطابق نیو کراچی کے علاقے علی گوٹھ کا رہائشی 14 سالہ علی فہد ریبیز کا شکار ہوا۔ بچے کو 26 مئی کو اسپتال لایا گیا جہاں اس میں ریبیز کی علامات پائی گئیں۔ ڈاکٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ بچہ اسی روز انتقال کر گیا۔
ڈاکٹر عرفان صدیقی کے مطابق اہل خانہ نے بتایا کہ کتے کے کاٹنے کے بعد علی فہد کو عباسی شہید اسپتال سے اینٹی ریبیز ویکسین بھی لگوائی گئی تھی، تاہم اس کے باوجود وہ جان لیوا بیماری کا شکار ہو گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جناح اسپتال میں ریبیز کے 4 جبکہ انڈس اسپتال میں 6 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کتے کے کاٹنے کے بعد فوری طبی امداد اور مکمل ویکسینیشن زندگی بچانے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
دوسری جانب رواں برس شہر کے مختلف اسپتالوں میں کتے کے کاٹنے کے 20 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جس نے شہر میں آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد اور انسدادِ ریبیز اقدامات پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے آوارہ کتوں کی روک تھام اور مؤثر حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔