ایم ڈی کیٹ اس سال 16 اگست کو منعقد ہوگا: مصطفی کمال

اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں میں داخلوں کیلئے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 16 اگست 2026 کو منعقد ہوگا تاکہ طلبہ کو انٹرمیڈیٹ امتحانات کے بعد طویل انتظار اور اضافی ذہنی دباؤ سے بچایا جا سکے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ حکومت نے ایم ڈی کیٹ کے شیڈول کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ اور کیمبرج امتحانات مکمل ہونے کے ایک ماہ کے اندر ایم ڈی کیٹ منعقد کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال آخری انٹرمیڈیٹ امتحان تقریباً 20 جولائی کو ہوگا جبکہ کیمبرج امتحانات بھی اسی عرصے میں مکمل ہو جائیں گے، اس لیے ایم ڈی کیٹ اتوار 16 اگست کو منعقد کی جائے گا۔

سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ “ایم ڈی کیٹ میں ایک ماہ کی تاخیر سے کروڑوں روپے کوچنگ اکیڈمی مالکان کی جیبوں میں جاتے ہیں جبکہ والدین پر اضافی مالی بوجھ پڑتا ہے۔” انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض کوچنگ اکیڈمیاں مالی مفادات کیلئے ایم ڈی کیٹ کے انعقاد میں تاخیر پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتی رہی ہیں۔

وفاقی وزیر صحت کے مطابق حکومت چاہتی ہے کہ طلبہ انٹرمیڈیٹ امتحانات کے فوری بعد اپنے پیشہ ورانہ تعلیمی سفر کی جانب بڑھ سکیں اور انہیں غیر ضروری انتظار اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے حکام نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ ایم ڈی کیٹ جلد لینے سے طلبہ کو دیگر جامعات کے انٹری ٹیسٹس میں شرکت اور متبادل تعلیمی مواقع حاصل کرنے کیلئے بھی مناسب وقت مل سکے گا۔

پی ایم ڈی سی حکام کے مطابق نئے شیڈول سے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کا عمل بروقت مکمل کیا جا سکے گا جبکہ نئے تعلیمی سیشن کا آغاز جنوری 2027 میں ہوگا۔

قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ حکومت داخلہ نظام کو مزید شفاف بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ انٹری ٹیسٹوں سے جڑی تجارتی سرگرمیوں اور استحصال کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

واضح رہے کہ ایم ڈی کیٹ ملک بھر کے سرکاری و نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے لازمی امتحان ہے جس میں ہر سال لاکھوں طلبہ محدود نشستوں کیلئے شرکت کرتے ہیں-

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں